قائداعظم ٹرافی : صاحبزادہ فرحان، کامران غلام اور تیمور خان کی سنچریاں
قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں راؤنڈ کے تیسرے دن پشاور کے صاحبزادہ فرحان اور کامران غلام نے لاہور وائٹس کے خلاف سنچریاں اسکور کیں جبکہ راولپنڈی کے تیمور خان بھی لاہور بلوز کے خلاف سنچری اسکور کرنے میں کامیاب رہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پشاور ریجن نے لاہور وائٹس کے اسکور 568 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 330 رنز بنائے تھے اور اس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔پشاور کی اننگز کی خاص بات صاحبزادہ فرحان اور کامران غلام کی ناقابل شکست سنچریاں تھیں۔ صاحبزادہ فرحان 19 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے171 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔
کامران غلام 112رنز پر کریز پر ہیں۔ان کی اننگز میں سات چوکے اور ایک چھکا شامل ہے۔یہ دونوں تیسری وکٹ کی شراکت میں 253 رنز کا اضافہ کرچکے ہیں۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں راولپنڈی ریجن نے لاہور بلوز کے خلاف فالوآن پر مجبور ہونے کے بعد اپنی دوسری اننگز میں 8 وکٹوں پر 302 رنز بنائے تھے۔تیمورخان 137 رنز پر بیٹنگ کررہے ہیں۔حنین شاہ تین وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
راولپنڈی کو 82رنز کی برتری حاصل ہوچکی ہے تاہم اس کی صرف دو وکٹیں باقی ہیں۔ اس سے قبل راولپنڈی کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 176 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ لاہور بلوز نے پہلی اننگز میں 396 رنز بنائے تھے۔
ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں فاٹا نے فیصل آباد کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں 156 رنز بنائے تھے اور اس کی 8 وکٹیں گرچکی تھیں۔ محمد سرور59 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
فاٹا کو جیتنے کے لیے 308 رنز کا ہدف ملا ہے اسے اب بھی152 رنز درکار ہیں لیکن اس کی صرف دو وکٹیں باقی ہیں۔
اس سے قبل فیصل آباد کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 220 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔محمد عرفان خان68 رنز ناٹ آؤٹ اور تیمور سلطان 52 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم پنڈی میں کراچی وائٹس نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 19 رنز بنائے تھے۔اسے میچ جیتنے کے لیے 432 رنز کا ہدف ملا ہے۔
اس سے قبل ملتان کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 405 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ شرون سراج 83، عمران رفیق 70،ہمایوں الطاف 73 اور عمران رندھاوا 75 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔ عالیان محمود نے 89 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔