پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرین ذکا اشرف جمعرات کو بھارت روانہ ہو ں گے
جہاں وہ 14 اکتوبر کو احمد آباد میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان شیڈول میچ دیکھیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )سے بدھ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق ذکا اشرف نے بھارت روانگی کا فیصلہ اس بات کی تصدیق کے بعد کیا ہے کہ پاکستانی میڈیا کو آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کے موقع پر ویزوں کے لیے اپنے پاسپورٹ جمع کرانے کی اجازت دی گئی ہے۔
ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ انہوں نے بھارت جانا موخر کر دیا تھا لیکن اب وہ اس بات کی تصدیق کے بعد جارہے ہیں کہ
پاکستانی صحافیوں کو میگا ایونٹ کی کوریج کے لیے ویزا حاصل کرنے کے لیے اپنے پاسپورٹ جمع کرانے کو کہا گیا ہے۔
انہیں خوشی ہے کہ دفتر خارجہ کے ساتھ ان کی بات چیت نے ویزے میں تاخیر کے حوالے سے مثبت پیش رفت حاصل کرنے میں مدد کی ہے۔
ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ وہ اس بات سے بہت خوش ہیں کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ میں اب تک عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور دونوں میچ جیت لیے ہیں۔ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی اور پوری قوم ان کھلاڑیوں کے ساتھ ہے۔
ذکا اشرف نے کہا کہ ان کے جانے کا مقصد پاکستانی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنا ہے اور بھارت کے خلاف اہم میچ سے قبل
ٹیم کے لیے ان کا پیغام یہی ہے کہ وہ بے خوف ہو کر کھیلیں جیسا کہ وہ پورے ایونٹ میں کھیلتے رہے ہیں