ورلڈ کپ: آسٹریلیا کی پاکستان کو 62 رنز سے شکست
…. ….اصغرعلی مبارک………
آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کے 18ویں میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 62 رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر بہتر پوزیشن حاصل کرلی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی عبداللّٰہ شفیق اور امام الحق پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے 134 رنز کی پارٹنر شپ فراہم کی، دونوں ہی کھلاڑیوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔
عبداللّٰہ شفیق 64 اور امام الحق 70 رنز کے بعد محمد رضوان 46، سعود شکیل 30 اور افتخار احمد 26 رنز کے سوا کوئی کھلاڑی مزاحمت نہ کرسکا۔
بابر اعظم 18، محمد نواز 14 اور شاہین شاہ آفریدی 10 رنز بناکر پویلین لوٹے، یوں پوری ٹیم 45 اعشاریہ 3 اوورز میں 305 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
بنگلورو میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کرانے کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلوی اوپنرز کی 259 رنز کی شراکت کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ پاکستان کو 400 سے اوپر کا ہدف ملے گا
لیکن آخری اوورز میں گرین شرٹس نے عمدہ بولنگ کی۔ اس کے باوجود آسٹریلوی ٹیم ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاکستان کے خلاف سب سے بڑے ٹوٹل کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
میگا ایونٹ میں 10 روز قبل ہی سری لنکا نے پاکستان کے خلاف 344 رنز کا بڑا ٹوٹل بنایا تھا، لیکن آسٹریلیا نے 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 367 رنز بناکر یہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے زبردست بیٹنگ کی پہلے ڈیوڈ وارنر اور پھر مچل مارش نے سنچریاں اسکور کیں اور پہلی وکٹ پر 259 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی۔
میچ کے پانچویں اوور کی تیسری گیند پر اسامہ میر نے شاہین آفریدی کی گیند پر ڈیوڈ وارنر کا کیچ چھوڑ دیا، جس کے بعد پہلی وکٹ پر شاندار شراکت قائم ہوئی۔ مچل مارش 108 گیندوں پر 121 رنز کی باری کھیل کر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے، انہوں نے اس دوران 9 چھکے اور 10 چوکے لگائے۔
آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 259 ہی کے اسکور پر گری، گلین میکسویل بغیر کوئی اسکور کیے شاہین آفریدی کا دوسرا شکار بن گئے۔ آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 284 کے اسکور پر گری، اسامہ میر نے اسٹیو اسمتھ کو پویلین بھیج دیا، جنہوں نے صرف 7 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کو چوتھی اور بڑی کامیابی ڈیوڈ وارنر کی وکٹ کی صورت میں ملی، حارث رؤف کی گیند پر 325 کے مجموعی اسکور پر وہ پویلین لوٹ گئے، 124 گیندوں پر 163 رنز کی باری کے دوران 9 چھکے اور 14 چوکے لگائے۔
آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ 339 رنز پر گری، جوش انگلس 13 رنز بناکر حارث رؤف کا دوسرا شکار بنے۔ پاکستان کو چھٹی کامیابی 354 کے اسکور پر مل گئی، مارکس اسٹوئنس 21 رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
آسٹریلیا کی ساتویں وکٹ 360 کے اسکور پر 8 رنز بنانے والے مارنس لبوشین کی گری جو حارث رؤف کا تیسرا شکار بنے۔ اس کے بعد شاہین آفریدی نے آخری اوور کی پہلی 2 گیندوں پر مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ کو آوٹ کردیا، یوں آسٹریلیا کے 9 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے 10 اوورز میں 54 رنز دے کر 5 اور حارث رؤف نے 8 اوورز میں 83 رنز دے کر 3 وکٹ حاصل کیے جبکہ 1 وکٹ اسامہ میر کے حصے میں آئی، حسن علی، محمد نواز اور افتخار احمد کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔
آج کے میچ کے لیے نائب کپتان شاداب خان کی جگہ اسامہ میر کو پاکستان ٹیم کی پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ۔