سعدیہ اقبال بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے پرعزم
چٹوگرام 22 اکتوبر، 2023:
پاکستان ویمنز ٹیم نے اتوار کے روز چٹوگرام کے ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں پہلا ٹریننگ سیشن کیا ۔ندا ڈار کی قیادت میں پندرہ رکنی پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش میں تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلے گی۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز چٹوگرام میں جبکہ ون ڈے سیریز میرپور میں کھیلی جائے گی۔ون ڈے سیریز آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ ہوگی۔
پاکستان ویمنز ٹیم دورے کا باقاعدہ آغاز پیر کے روز چٹوگرام میں بنگلہ دیش بورڈ الیون کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ سے کرے گی۔
پاکستان ویمنز ٹیم آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں آٹھویں اور بنگلہ دیش نویں نمبر پر ہے۔
جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم کے خلاف پاکستان ویمنز ٹیم کی تین صفر کی جیت میں لیفٹ آرم اسپنر سعدیہ اقبال کا کردار اہم رہا تھا جنہوں نے چار وکٹیں حاصل کی تھیں وہ اس وقت آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں دسویں نمبر پر ہیں۔
28 سالہ سعدیہ اقبال نے 2019 میں بنگلہ دیش کے خلاف لاہور میں اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کریئر کا آغاز کیا تھا اور اپنے دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں صرف انیس رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔
سعدیہ اقبال پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ پریکٹس سیشن اور پھر کل کے میچ سے ہمیں ٹی ٹوئنٹی سیریز کی تیاری میں مدد ملے گی۔بنگلہ دیش اپنے ملک میں ایک مضبوط ٹیم ہے اور ہمیں اس کی صلاحیت کا اندازہ ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میرے لیے اچھی رہی تھی اور میں اسی طرح کی کارکردگی دکھانے کے لیے پرامید ہوں اور کوشش کروں گی کہ میری کارکردگی ٹیم کے کام آئے۔
پاکستان ویمنز ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
ندا ڈار ( کپتان ) عالیہ ریاض۔ بسمہ معروف۔ ڈیانا بیگ ۔ غلام فاطمہ ۔ ارم جاوید۔ منیبہ علی ( وکٹ کیپر ) نجیہہ علوی ( وکٹ کیپر ) نشرہ سندھو۔ نتالیہ پرویز۔ صدف شمس۔ سعدیہ اقبال۔ سدرہ امین ۔ ام ہانی اور وحیدہ اختر۔
پلیئر سپورٹ اسٹاف۔
ناہیدہ خان ( منیجر ) محتشم رشید ( عبوری ہیڈ کوچ ) سلیم جعفر ( بولنگ کوچ ) توفیق عمر ( بیٹنگ کوچ ) محمد اسفندیار ( اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ ) سید نذیر احمد ( میڈیا منیجر ) رفعت اصغرگل ( فزیو تھراپسٹ )اور زبیر احمد ( انالسٹ ) ۔
دورے کا شیڈول اس طرح ہے۔
25 اکتوبر۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔زیڈ اے سی ایس۔ چٹوگرام ۔ میچ کاآغاز ساڑھے چار بجے شام مقامی وقت۔
27 اکتوبر۔دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔ زیڈ اے سی ایس ۔ چٹوگرام ۔ میچ کا آغاز۔ ساڑھے چار بجے شام مقامی وقت۔
29 اکتوبر۔ تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔ زیڈ اے سی ایس ۔ چٹوگرام ۔ میچ کا آغاز۔ ساڑھے چار بجے شام ۔ مقامی وقت۔
4 نومبر۔ پہلا ون ڈے انٹرنیشنل ۔ ایس بی این سی ایس میرپور میچ کا آغاز۔ صبح ساڑھے نو بجے مقامی وقت۔
7 نومبر۔ دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل ۔ ایس بی این سی ایس۔ میرپور۔ میچ کا آغاز۔ صبح ساڑھے نو بجے ۔ مقامی وقت۔
10 نومبر۔تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل ۔ ایس بی این سی ایس ۔ میرپور۔ میچ کا آغاز۔ صبح ساڑھے نو بجے مقامی وقت۔