قائداعظم ٹرافی فائنل: صائم ایوب کی ڈبل سنچری، شان مسعود کی سنچری
دوسری وکٹ کی 367 رنز کی پارٹنرشپ ، کراچی وائٹس کے2 وکٹوں پر 398 رنز۔
لاہور 22 اکتوبر، 2023:ء
صائم ایوب اور شان مسعود کی شاندار بیٹنگ کے نتیجے میں کراچی وائٹس نے فیصل آباد کے خلاف قائداعظم ٹرافی فائنل کے پہلے روز 398 رنز بنالیے تھے اور اس کے2 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔
صائم ایوب 200 رنز کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے ناٹ آؤٹ تھے۔ان کے ساتھ عمیر بن یوسف 2 رنز پر کھیل رہے تھے ۔
شان مسعود 180 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے پانچ روزہ فائنل میں فیصل آباد کے کپتان فہیم اشرف نے ٹاس جیت کر کراچی وائٹس کو بیٹنگ دی۔ خرم منظور صرف 3 رنز بناکر اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے خرم شہزاد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ یہ خرم شہزاد کی اس ٹورنامنٹ میں 32 ویں وکٹ تھی لیکن اس کے بعد صائم ایوب اور شان مسعود کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے اسکور کو382 تک پہنچادیا۔
ان دونوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 403گیندوں پر 367 رنز کا اضافہ کیا۔
صائم ایوب نے244 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 200 رنز اسکور کیے جس میں 22 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔یہ ان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں دوسری سنچری ہے انہوں نے پہلی سنچری اسی ٹورنامنٹ میں ملتان کے خلاف اسکور کی تھی اور 142 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔
شان مسعود 182 گیندوں پر 180 رنز بناکر ارشد اقبال کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ان کی اننگز میں 13چوکے اور 7چھکے شامل تھے۔ یہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی 24 ویں سنچری ہے۔
فیصل آباد کی طرف سے خرم شہزاد اور ارشد اقبال ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔