پاکستان انڈر 19 اور سری لنکا انڈر 19 کے درمیان ون ڈے سیریز شروع

 

 

 

پاکستان انڈر 19 اور سری لنکا انڈر 19 کے درمیان ون ڈے سیریز کل سے شروع

سری لنکا انڈر 19 کو چار روزہ میچ میں نو وکٹوں سے شکست دینے کے بعد سعد بیگ کی قیادت میں پاکستان انڈر 19 ٹیم پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز میں بھی جیت کے لیے پرعزم ہے اور اسی بلند حوصلے کے ساتھ وہ اتوار کے روز نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں پہلا ون ڈے کھیلنے میدان میں اترے گی۔

سعد بیگ اس سے قبل اسی سال بنگلہ دیش کے دورے میں بھی پاکستان انڈر 19 کی قیادت کرچکے ہیں۔

محمد اسماعیل، عرفات منہاس، شامل حسین، محمد ابتسام اور شاہ زیب خان بھی اس ٹیم کا حصہ تھے اور اب وہ سری لنکا انڈر 19 کے خلاف سیریز میں بھی حصہ لیں گے۔

شاہ زیب خان نے بنگلہ دیش کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں میں 264 رنز بنائے تھے جس میں ایک سنچری اور دو نصف سنچریاں شامل تھیں۔سعد بیگ نے ایک نصف سنچری کی مدد سے119 رنز اسکور کیے تھے۔بولنگ میں عرفات منہاس نے آٹھ جبکہ محمد اسمعیل نے پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اسوقت جاری نیشنل انڈر 19 کپ میں شاہ زیب خان تین میچوں میں 142 رنز بناچکے ہیں۔سعد بیگ نے چار میچوں میں 115 رنز اسکور کیے ہیں۔ محمد اسماعیل نے چھ وکٹیں حاصل کیں۔ نجب خان نے چار میچوں میں199 رنز بنائے ہیں جبکہ آفتاب احمد نے چار میچوں میں تیرہ وکٹیں حاصل کیں ۔شامل حسین نے چار میچوں میں119 رنز بنائے۔

پاکستان انڈر19 اور سری لنکا انڈر 19 آخری مرتبہ پچاس اوورز فارمیٹ میں 2022 کے انڈر19 ورلڈ کپ میں مدمقابل ہوئے تھےجس میں پاکستان نے 238 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان آخری دو طرفہ سیریز 2019میں سری لنکا میں کھیلی گئی تھی جو پاکستان انڈر 19 نے تین دو سے جیتی تھی۔

کپتان سعد بیگ کا پی سی بی سے بات کرتے ہوئے کہنا ہے کہ چار روزہ میچ کی جیت سے ان کی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ ہم نے واضح مارجن سے وہ میچ جیتا تھا اور انہیں امید ہے کہ ون ڈے سیریز میں بھی نتائج اسی طرح ہمارے لیے اچھے رہیں گے۔ٹیم کا کامبی نیشن اچھا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ تمام کھلاڑی ایک ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

سعد بیگ کا اپنی کپتانی کے بارے میں کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں وہ تمام فارمیٹس میں جیتے تھے ٹیم بہت اچھا پرفارم کررہی ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ جیت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ہماری ٹیم میں میچ ونرز موجود ہیں۔ہم اس سیریز کو جنوری میں ہونے والے ورلڈ کپ کی تیاری کے طور پر دیکھ رہے ہیں اور ہمیں ان میچوں سے اپنے آپ کو تیار کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔

 

پاکستان انڈر اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

سعد بیگ ( کپتان اور وکٹ کیپر )، آفتاب احمد، احمد حسین، علی رضا، عرفات منہاس، حمزہ نواز، ہارون ارشد، محمد عمار، محمد حذیفہ، محمد ابتسام، محمد اسماعیل، محمد ریاض اللہ، محمد طیب عارف، نجب خان، نوید احمد خان، شاہ زیب خان، شامل حسین اور عبید شاہ۔

 

سیریز کا شیڈول:
22 اکتوبر ۔ پہلا ون ڈے
24 اکتوبر ۔ دوسرا ون ڈے
27 اکتوبر ۔ تیسرا ون ڈے
29 اکتوبر ۔ چوتھا ون ڈے
31 اکتوبر ۔ پانچواں ون ڈے

 

 

تعارف: News Editor