زون چار وائٹس اے ایس نیچرل سٹون انڈر-16 انٹر زونل کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔”
"رانا اریب آفتاب کی شاندار سینچری۔ اسد احمد اور عبدلحئ کی جارحانہ بولنگ۔”
زون دو بلوز کی مسلسل دوسری کامیابی۔
کراچی (اسپورٹس رپورٹر): ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے زیر اہتمام اور اے ایس نیچرل اسٹون کے تعاون سے منعقد کردہ اے ایس نیچرل اسٹون انڈر-16 انٹر زونل کرکٹ ٹورنامنٹ میں گزشتہ روز زون چار وائٹس نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد زون پانچ وائٹس کو ایک وکٹ سے شکست دے کر گروپ ڈی سے اپنے تمام میچز جیت کر سیمی فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
لانڈھی جیم خانہ گراونڈ پر زون پانچ وائٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 179 رنز بنائے۔عبداللہ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 6 چوکوں کی مدد سے 94 ، محمد اکبر نے 28 اور نجب علی نے 19 رنز بنائے۔ اسد احمد نے جارحانہ بولنگ کرتے ہوئے 14 رنز دیکر 6 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
جواب میں زون چار وائٹس نے 45 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ 181 رنز بنا لئے۔رعنا اریب آفتاب نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 9 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 108 رنز بنائے
جبکہ مکرم علی نے 13 رنز ناٹ آوٹ بنائے۔رانا اریب آفتاب اور مکرم علی نے آخری وکٹ کی شراکت میں قیمتی 50 رنز بنائے۔ رضوان اللہ نے 3 اور نجب علی نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
کے سی سی اے اسٹیڈیم پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں زون دو بلوز نے زون تین وائٹس کو 5 رنز سے ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی ۔ زون دو بلوز پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 100 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔
محمد حسنین نے 26 رنز بنائے۔ساحل راج کمار نے 25 رنز دیکر 4 جبکہ زیان سعید خان نے 14 رنز دیکر 3 اور اسداللہ خان نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
جواب میں زون تین وائٹس 95 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔ سید ملک ایشتار نے 29 رنز بنائے۔عبدلحئ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 27 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔