آئی سی سی ورلڈکپ میں افغانستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری کامیابی حاصل کر لی، اس فتح کے ساتھ ہی افغانی ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر آ گئی ہے۔
افغان ٹیم نے 242 رنز کا ہدف 46ویں اوور میں محض 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، عظمت اللہ عمرزئی نے 73، رحمت شاہ نے 62 اور کپتان حشمت اللہ شاہدی نے 58 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلوائی،
فضل الحق فاروقی نے 34 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
ورلڈکپ کے 30ویں میچ میں افغانستان ٹیم کے قائد حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر پہلے سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی تو بائولرز نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کر کے ان کے فیصلے کو درست ثابت کر کے دکھایا، سری لنکن ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.3 اوورز میں 241 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی،
پاتھم نسانکا 46، دیمتھ کرونارتنے 15، کپتان کوسل مینڈس 39، سدیرا سماراوکراما 36،چارتھ آسالنکا 22، دھنن جایا ڈی سلوا 14، اینجلومیتھیوز 23، دشمانتھا چمیرا 1، مہیش تھیکشانا29 اور کاسن راجیتھا 5 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔
فضل الحق فاروقی نے 4، مجیب الرحمان نے 2 عظمت اللہ عمرزئی اور راشدخان نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں افغان ٹیم نے مطلوبہ ہدف 45.2 اوورز میں صرف 3 کٹوں کے نقصان پر پورا کیا،
پہلے ہی اوورکی چوتھی گیند پر رحمان اللہ گرباز بغیر کوئی رن بنائے مدوشنکا کی گیند پر بولڈ ہو گئے،
اس موقع پر ابراہیم زدران اور رحمت شاہ نے میدان سنبھالا، دونوں بیٹرز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور73 تک پہنچا دیا،یہاں پر مدوشنکا نے ابراہیم زدران کو آئوٹ کر کے پارٹنرشپ توڑ دی، ابراہیم نے 39 رنز بنائے،
اس کے بعد کپتان حشمت اللہ شاہدی نے رحمت شاہ کا ساتھ دیا اور دونوں بیٹرز نے سکور 131 تک پہنچا دیا، رحمت شاہ 62 رنز بنانے کے بعد کپتان کا ساتھ چھوڑ گئے،
اس کے بعد عظمت اللہ عمرزئی نے بھرپور انداز سے کپتان کا ساتھ دیا، دونوں بیٹرز نے ڈٹ کر حریف بائولرز کا مقابلہ کیا اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں 111 ناقابل شکست رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلوائی،
عظمت اللہ 73 اور حشمت اللہ 58 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، مدوشنکا نے دو اور راجیتھا نے ایک وکٹ لی۔ یہ افغان ٹیم کی میگا ایونٹ میں تیسری کامیابی ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ چھ پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر آ گئی ہے
جبکہ سری لنکن ٹیم چوتھی شکست کے بعد چار پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر چلی گئی ہے۔