پاکستان کپ کا تیسرا راؤنڈ: راولپنڈی، فیصل آباد، لاہور بلوز اور پشاور کی کامیابی

 

پاکستان کپ کا تیسرا راؤنڈ: راولپنڈی، فیصل آباد، لاہور بلوز اور پشاور کی کامیابی

عمران بٹ اور حسیب اللہ کی سنچریاں

 

پاکستان کپ ایکروزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ میں راولپنڈی، فیصل آباد، لاہور بلوز اور پشاور نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔ ان میچوں کی خاص بات عمران بٹ اور حسیب اللہ کی سنچریاں تھیں۔

ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں فیصل آباد ریجن نے کراچی وائٹس کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔

فیصل آباد نے ٹاس جیت کر کراچی وائٹس کو پہلے بیٹنگ دی جس نے مقررہ 45 اوورز میں8 وکٹوں پر 254رنز بنائے۔

دانش عزیز 49 ( چار چوکے ایک چھکا ) اعظم خان 40 ( دو چوکے دو چھکے ) اور صائم ایوب 36 ( چار چوکے ایک چھکا ) نمایاں رہے۔

فہیم اشرف نے64 رنز دے کر 3 اور محمد فیضان نے 44 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں فیصل آباد نے 40 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔

محمد سلیم نے دس چوکوں کی مدد سے 90 اور عتیق الرحمن نے 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 74رنز بنائے اور یہ دونوں آؤٹ نہیں ہوئے۔ان دونوں نے چوتھی وکٹ کی ناقابل شکست میچ وننگ شراکت میں136 رنز کا اضافہ کیا۔

شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں لاہور بلوز نے فاٹا کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔

لاہور بلوز نے ٹاس جیت کر فاٹا کو بیٹنگ دی جس نے مقررہ 45 اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بنائے۔ سمیع اللہ جونیئر نے نو چوکوں کی مدد سے62 رنز بنائے۔محمد فاروق نے 54 رنز اسکور کیے جس میں چھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 108 رنز کا اضافہ کیا۔

لاہور بلوز نے کپتان عمران بٹ کی سنچری کی بدولت 41.5 اوورز میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔ عمران بٹ نے13 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 128 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ انہوں نے رضوان حسین کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 160 رنز کا اضافہ کیا۔ رضوان نے 83رنز بنائے جس میں9 چوکے اور4 چھکے شامل تھے۔

 

میرپور کرکٹ اسٹیڈیم میں پشاور نے ملتان کے خلاف 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
پشاور نے ٹاس جیت کر ملتان کو بیٹنگ دی جس نے مقررہ 45 اوورز میں 3 وکٹوں پر 257 رنز بنائے۔

حسیب اللہ نے 123 گیندوں پر 116رنز ناٹ آؤٹ کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں 12 چوکے شامل تھے۔زین عباس نے55 اور محمد شہزاد نے48 رنز اسکور کیے۔

پشاور نے43.5 اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔ عادل امین نے74 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی جس میں سات چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔زین خان نے پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے۔

 

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں راولپنڈی ریجن نے لاہور وائٹس کو 4 وکٹوں سے ہرادیا۔
راولپنڈی نے ٹاس جیت کر لاہور وائٹس کو پہلے بیٹنگ دی جس نے مقررہ 45 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 201رنز بنائے۔

سعد نسیم نے سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 83گیندوں پر 78 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی۔ کاشف علی نے25 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں راولپنڈی نے 35.1 اوورز میں چھ وکٹوں پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔ بلاول بھٹی نے 51گیندوں پر 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے69 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے۔

عمیر مسعود 37 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ان دونوں نے ساتویں وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 106 رنز بناکر اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرایا۔

 

 

تعارف: News Editor