بابراعظم کے استعفے کے بعد سینئر کرکٹرز کے ٹوئٹر پرپیغامات
………………….. اصغر علی مبارک……………
کرکٹربابر اعظم کی جانب سے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی20 کی قیادت سے استعفے کے اعلان کے بعد سینئر کرکٹرز نے بابراعظم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں مستقبل میں بطور بلے باز رنز کے پہاڑ بنانے اور کئی ریکارڈ اپنے نام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ بابر اعظم نے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص پرفارمنس کے بعد تینوں فارمیٹس کی قیادت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
بابر اعظم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ آج میں تمام فارمیٹس میں پاکستان کی کپتانی چھوڑ رہا ہوں، یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ اس فیصلے کے لیے یہ صحیح وقت ہے۔
بابر نے کہا تھا کہ میں تینوں فارمیٹس میں بطور کھلاڑی ٹیم کی نمائندگی کرتا رہوں گا اور اپنے تجربے سے نئے کپتان اور ٹیم کو سپورٹ کرتا رہوں گا۔ ان کے اس اعلان کے کچھ دیر بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ اور ٹی20 ٹیم کے کپتانوں کا اعلان کردیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے شان مسعود کو پاکستان کی ٹیسٹ ٹی کی قیادت سونپی تھی جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹی20 ٹیم کا کپتان مقرر کیا تھا۔
بابراعظم کی جانب سے کپتانی سے دستبرداری کے اعلان کے بعد سابق سینئر کرکٹرز اور ساتھی کھلاڑیوں نے بابراعظم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں مستقبل میں مزید رنز بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
سابق کپتان وسیم اکرم نے شاہین شاہ آفریدی کی ٹی ٹوئنٹی کپتانی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ صرف ٹی ٹوئنٹی کے لیے کپتان مقرر ہوئے ہیں، ان کا پی ایس ایل کے ٹ ٹوئنٹی فارمیٹ میں ریکارڈ بہترین رہا ہے، انہوں نے مسلسل دو سال پی ایس ایل میں کامیابی حاصل کی ہے۔‘
وسیم اکرم نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے لیے شاہین آفریدی کا نام ہی گزشتہ 3 یا 4 ماہ سے گردش تھا۔
وسیم اکرم نے بابراعظم کی جانب سے کپتان سے دستبردار ہونے کے فیصلے پر تجزیہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم بابراعظم کو بطور بلے باز کھونا نہیں چاہتے، وہ تمام فارمیٹس میں نمبر ون کرکٹر رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ بطور کپتان بابراعظم سے غلطیاں ہوئی ہیں لیکن ان کے اچھے کاموں کو بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، ہر کسی سے غلطیاں ہوتی ہیں جان بوجھ کر کوئی نہیں کرتا۔’
سابق کرکٹر شعیب ملک نے بابراعظم کی کپتانی سے دستبردار ہونے کے فیصلے پر کہا کہ ’بہت اچھے وقت پر انہوں نے فیصلہ کیا ہے، وہ کپتانی سے دستبردار ہوگئے اب وہ اپنی بیٹنگ پر توجہ دیں گے اور پاکستان کے لیے میچ جیتیں گے۔‘
شعیب ملک نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ’میں نے کہیں پڑھا تھا کہ بورڈ نے بابراعظم کو ٹیسٹ کرکٹ سے مستعفیٰ ہونے سے روکا تھا لیکن بابراعظم نے انکار کردیا تھا۔‘
سابق کرکٹر اظہر علی نے بابراعظم کی بطور کپتان خدمات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے یقین ہے کہ پاکستان کی قیادت کرنے کا آپ کا آخری موقع نہیں ہوگا، ہر تجربے سے ہم کچھ نہ کچھ سیکھتے ہیں، اب آپ صرف بہت سارے رنز بنانے کا مزہ لیں، اللہ آپ کو خوش رکھے، آمین‘۔
سابق کپتان شاہد آفریدی نے بابر اعظم کی بطور کپتان خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنی قیادت، ٹیلنٹ اور پرفارمنس سے کرکٹرز کی اگلی نسل کو متاثر کیا ہے، امید ہے کہ آپ ایسے ہی راج کریں گے کیونکہ سفر ابھی ختم نہیں ہوا۔’
شاہین شاہ آفریدی فاسٹ باؤلرنے لکھا کہ ’بابر اعظم آپ کی مثالی قیادت میں حقیقی ٹیم ورک اور آپ سے دوستی ایک اعزاز کی بات ہے، آپ کی صف اول کی قیادت اور ٹیم کے اتحاد اور کامیابی کا عزم قابل تحسین ہے۔‘ انہوں نے مزید لکھا کہ ’ہم انتظار کر رہے ہیں کہ آپ بحیثیت بلے باز مزید ریکارڈ اپنے نام کریں گے ، ان شاء اللہ‘۔
قومی ٹیم کے بلے باز محمد رضوان نے لکھا کہ ’کپتان، آپ دلوں کے کپتان ہو، آپ یقیناً پاکستان کے عظیم ترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’آپ کی ایمانداری، محبت، دیانت، خیالات اور بطور کپتان پاکستان کے لیے کوششیں قابل توجہ ہیں۔‘
فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے بابراعظم کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ آپ کی قیادت میں اپنی وائٹ گیند پر ڈیبیو کرنا اور کھیلنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، آپ نے ہمیشہ آگے بڑھ کر قیادت سنبھالی ہے اور ہم سب کو ’ایک ٹیم، ایک خواب‘ پر یقین دلایا ہے۔’
نسیم شاہ نے مزید لکھا کہ ’انشاء اللہ، ہم آپ کو پاکستان کے لیے بہت سے ریکارڈ توڑتے ہوئے دیکھیں گے۔‘
آل راؤنڈر افتخار احمد نے لکھا کہ ’آپ کی کپتانی میں پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات تھی، اس عرصے کے دوران میں اپنی بہت سی کامیابیاں اور بہت سے ناکامیاں دیکھی ہیں لیکن آپ کا عزم ہمیشہ بلند رہا ہے۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’ہمیں آپ کی پاکستان کے لیے بھاری اسکور کرنے کا انتظار ہے۔‘
پاکستانی باؤلر محمد وسیم جونئیر نے لکھا کہ ’میرے ٹی 20 ڈیبیو سے ایک رات پہلے جب آپ میری حوصلہ افزائی اور حمایت کرنے کے لیے میرے کمرے میں داخل ہوئے، یہ وہ لمحہ ہے جس کو میں ہمیشہ یاد رکھوں گا،
میں ہر چیز کے لیے شکر گزار ہوں کپتان۔‘ سابق کپتان محمد حفیظ نے بابر اعظم کو بطور کپتان پاکستان کرکٹ کے لیے خدمات کو سراہا اور لکھا کہ ’آپ کا زیادہ سے زیادہ رنز بنانے اور میچ جیتنے میں کردار ادا کرنے کا عزم قابل تعریف ہے، سلامت رہیں اور خوش رہیں۔‘۔
آل راؤنڈر شاداب خان نے بابراعظم سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور شاہین آفریدی کو ٹی20 ٹیم کا کپتان اور شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر ہونے پر مبارک باد بھی دی۔