پشاور ریجن کی ٹیم پاکستان کپ کے فائنل میں پہنچ گئی
سیمی فائنل میں فاٹا ریجن کو 44 رنز سے شکست
لاہور 16 نومبر، 2023:ء
پشاور ریجن نے فاٹا ریجن کو پاکستان کپ ایکروزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں 44 رنز سے شکست دیدی۔
اب فائنل میں پشاور کا مقابلہ کراچی وائٹس اور ملتان کے درمیان جمعہ کے روز ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
جمعرات کے روز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں فاٹا نے ٹاس جیت کر پشاور کو بیٹنگ دی جس نے مقررہ 45 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز بنائے۔
جواب میں فاٹا کی ٹیم 41.1 اوورز میں 201 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پشاور کی اننگز کی خاص بات کپتان صاحبزادہ فرحان کی عمدہ بیٹنگ تھی انہوں نے گیارہ چوکوں کی مدد سے 69 رنز اسکور کیے۔عادل امین نے تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 56 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔نبی گل نے 42گیندوں پر 43 رنز کی اننگز کھیلی جس میں تین چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔
شاہد عزیز نے 55 رنز دے کر 3وکٹیں حاصل کیں۔ خوشدل شاہ نے 39 رنز دے کر 2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔
فاٹا کی اننگز میں تین وکٹیں صرف 59رنز پر گرگئیں اس مرحلے پر سلمان خان جونیئر نے تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 46 رنز اسکور کیے جس کے بعد کپتان خوشدل شاہ ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 42 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
چھٹے نمبر پر بیٹنگ کرنے والے سرور آفریدی کی اپنی ٹیم کو جتوانے کی کوششیں بارآور ثابت نہیں ہوسکیں۔انہوں نے 45 گیندوں پر تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 56 رنز بنائے۔
پشاور کی طرف سے عباس آفریدی نے 34 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔افتخار احمد، اعظم خان اور محمد عمران نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
مختصر اسکور:
پشاور 245 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ ( 45 اوورز ) صاحبزادہ فرحان 69، عادل امین 56 ناٹ آؤٹ، نبی گل 43، شاہدعزیز55 /3 وکٹ، خوشدل شاہ 39 / 2 وکٹ
فاٹا 201 آل آؤٹ ( 41.1 اوورز ) سرور آفریدی 56، سلمان خان جونیئر46، خوشدل شاہ42، عباس آفریدی 34 / 3 وکٹ