پشاور انڈر 19 کی ٹیم نے قومی انڈر 19 چیمپئن شپ جیت لی فائنل میں کراچی وائٹس انڈر 19 کو ایک وکٹ سے شکست دی۔
چارسدہ سے تعلق رکھنے والے نجب خان کو مین آف دی فائنل کا ایوارڈ دیا گیا۔
کراچی کے سعد بیگ نے سیزن میں اسٹمپ کے پیچھے 27 آوٹ کرنیکے علاوہ750 رنزبنانے پر بہترین وکٹ کیپر،
بہترین بلے باز اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔
رپورٹ ؛ شکیل الرحمان
پشاور انڈر19 نے کراچی وائٹس انڈر 19 کو دلچسپ مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے کر قومی انڈر 19 چیمپئن شپ جیت لی۔علی حسن نے 46 رنز اسکور کیے۔شعیب آفریدی نے 27 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
پشاور کو میچ جیتنے کے لیے 278 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔پشاور کی طرف سے افکار درانی نے 75 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ احمد حسین نے 44 رنز اسکور کیے نجب خان نے 41رنز بنائے۔
کراچی وائٹس کی طرف سے طیب حسین اور نوید احمد دو دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔چارسدہ کے نجب خان کو مین آف دی فائنل کا ایوارڈ دیا گیا۔نجب خان نے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 636رنز بنائے۔جس میں تین سنچریاں شامل ہے۔
رانا نوید الحسن کرکٹ اکیڈمی شیخوپورہ میں کھیلے گئے اس چار روزہ فائنل کا پہلا دن بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ پشاور نے ٹاس جیت کر کراچی وائٹس کو بیٹنگ دی جس نے 75 اوورز کی بیٹنگ میں 9 وکٹوں پر 333رنز بنائے تھے۔سعد بیگ 96، وہاج ریاض 85 اور علی حسن 57 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹرز رہے تھے۔
پشاور کی طرف سے لیگ اسپنر احمد حسین نے 61 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔پشاور کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 220 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔
نجب خان نے96 رنز کی اننگز کھیلی۔کراچی وائٹس کی طرف سے میڈیم فاسٹ بولر فہد امین نے 50 رنز کے عوض5 وکٹیں حاصل کیں۔پہلی اننگز میں 113 رنز کی سبقت حاصل کرنے کے بعد کراچی وائٹس کی ٹیم دوسری اننگز میں 164رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔
کراچی وائٹس انڈر 19 نے چوتھے دن اپنی اننگز 31 اوورز میں 88-5 سے دوبارہ شروع کی۔ مزید 24.2 اوورز تک بیٹنگ کرنے کے بعدپوری ٹیم 164رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ علی حسن نے 46رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں تین چوکے شامل تھے اس دوران انہوں نے 111گیندوں کا سامنا کیا۔ ان کے بعد محمد فہد امین نے 38 رنز بنائے جس میں چھ چوکے بھی شامل تھے۔
محمد شعیب آفریدی نے کراچی وائٹس انڈر 19 بلے بازوں کو محدود کرنے میں مدد کے لیے چار وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عرفان اور جواد علی نے بھی اچھی بولنگ کی دونوں نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
پشاور انڈر 19نے رنزکے تعاقب کو افکار درانی کے 75رنز کی اننگز نے آسان بنا دیا اور ٹیم کو ایک مضبوط بنیاد فراہم کی۔افکا ر درانی کی اننگز میں پانچ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ان کے علاوہ نجب خان نے دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 41رنز سکور کیے۔
جبکہ احمد حسین نے دو چوکوں کی مدد سے 44رنز کی بلے بازی کے ساتھ دوسرے بیٹر تھے۔ لگاتار وکٹیں گنوانے کے باوجود، پشاور انڈر 19نے55 ویں اوور میں صرف ایک وکٹ پرہدف پانے میں کامیاب رہا۔
نوید احمد خان اور سید طیب حسین نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد فہد امین اور بصیر شاہ ایک ایک وکٹ لے کر ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے تھے
لیکن نجب خان کی 41رنز کی اننگز نے میچ پشاور کے حق میں کر دیا۔نجب خان کو پہلی اننگز میں 96 اور دوسری اننگز میں 41 رنز بنانے پر فائنل کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
کراچی وائٹس انڈر 19 کے کپتان سعد بیگ نے سیزن میں اسٹمپ کے پیچھے 27 آوٹ کرنیکے علاوہ750 رنزبنانے پر بہترین وکٹ کیپر، بہترین بلے باز اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔
کراچی وائٹس کے آف اسپنر نوید احمد خان کو 40 وکٹیں لینے پر ٹورنامنٹ کا بہترین بولر قرار دیا گیا۔