آسٹریلیا نے دنیائے کرکٹ کی حکمرانی کا تاج اپنے سر سجالیا،بھارت کو 6 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی،ٹریوس ہیڈ ناقابل شکست 137رنز بناکر نمایاں رہے۔
آسٹریلیا نے 241 رنز کا ہدف 43 اوور میں حاصل کیا۔ٹریوس ہیڈ 15 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 137 رنز بناکر نمایاں رہے جس کی بدولت آسٹریلوی ٹیم چھٹی بار ورلڈکپ ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئی۔
بھارتی شہر احمد آباد کے نریندرا مودی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کی جانب سے جیت کیلئے دیا گیا 241 رنز کاہدف آسٹریلیا نے 4 وکٹوں کے نقصان پر میچ کے43 ویں اوور میں پورا کر لیا۔
آسٹریلوی بلے باز ٹریوس ہیڈ نے137 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی،مارنوس لبوشین 58 اور میکس ویل 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، کینگروز کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے 7 ، مچل مارش نے 15 اور سٹیو سمتھ نے 4 رنز بنائے۔
میزبان بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے دو، محمد سراج اور محمد شامی نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
قبل ازیں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتےہوئے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 241 رنز کا ہدف دیا، بھارت کی جانب سے کپتان روہت شرما نے 47، ویرات کوہلی نے 54 اور کے ایل راہول نے 66 رنز کی اننگ کھیلی، سوریاکمار یادیو 18،کلدیپ یادیو 10 رنز بنا پائے۔
بھارت کی جانب سے 6 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے، اوپنر بلے باز شبمن گل اور شریاس ایر 4،4، رویندرا جدیجا اور محمد سراج 9،9، محمد شامی 6 اور جسپریت بمراہ 1 سکور ہی بنا پائے۔
آسٹریلوی فیلڈرز نے زبردست کھیل کا مظاہرہ پیش کیا، آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک نے تین، کپتان پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ نے دو، دو جبکہ گلین میکسویل اور ایڈم زمپا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔