ٹیم زی نے کراچی یونائٹڈ اوپن یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ جیت لیا، اسعد کھوکھر مین آف دی ٹورنامنٹ قرار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی سے تعلق رکھنے والی فٹبال ٹیم زی نے کراچی یونائیٹڈ اوپن یوتھ فوٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں کراچی کی بہترین اور مضبوط ٹیم لیاری مارکھور ایف سی کو ایک گول سے ہراکر ٹورنامنٹ جیت لی،
ابھرتے ہوئے فوٹ بالر اسعد علی کھوکھر کو مین آف دی ٹورنامنٹ کی ٹرافی اور انعامات دیئے گئے، انہوں نے ٹورنامنٹ میں 15 گول کئے اور 6 گول ان کے پاس پر ہوئے.
اس ٹورنامنٹ میں انگلینڈ اور متحدہ عرب امارات کی ٹیموں سمیت 24 ٹیموں نے حصہ لیا، اور کراچی کی ٹیم زی نے ان کی بہترین ابھرتے ہوئے کھلاڑی اسعد علی کھوکھر کے شاندار کھیل کی وجہ سے انگلینڈ، متحدہ عرب امارات،
کراچی یونائیٹڈ، کراچی لائینز، لیاری مارکھور اور دیگر مضبوط ٹیموں کو شکست دیکر ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، اس سے پہلے یہ اعزاز کراچی یونائیٹڈ کے پاس تھا.
ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم زی کو وننگ ٹرافی کے ساتھ انعامات دیئے گئے. اس موقع پر برطانوی ٹیم کے کوچ جو کہ انگلینڈ کی انترنیشنل ٹیم کے بھی سابق کوچ رہ چکے ہیں،
اسعد کھوکھر کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کھلاڑی میں خداداد صلاحیتیں ہیں اگر ان کو انٹرنیشنل کلب میں کھیلنے کیلئے بھیجا جائے تو یہ بہت آگے جائے گا،
اور ایسے کھلاڑیوں کو ضائع نہیں کیا جائے بلکہ ان کیلئے مواقع پیدا کئے جائیں. انہوں نے اسعد کھوکھر سے کہا کہ وہ انگلینڈ آکر کھیل سکتے ہیں. اس موقع پر اسعد کھوکھر نے کہا کہ مین آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز حاصل کرنا میرے لئے خوشی کا باعث ہے،
مستقبل میں بھی اپنی پرفارمنس اور فٹنس کو برقرار رکھنے اور مزید بہتری لانے کی کوشش کروں گا, انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ اگر ان کو مواقع فراہم کئے گئے تو وہ انٹرنیشنل کلب کے ساتھ کھیلیں گے.
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بڑا ٹیلنٹ موجود ہے لیکن حکومتی سطح پر مواقع فراہم نہیں کئے جا رہے ہیں، اس سلسلے میں حکومت کو کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیئے تاکہ وہ انٹرنیشنل لیول پر کھیل کر اپنی صلاحیتوں کو دکھا سکیں.