نیشنل ٹی ٹوئنٹی سپر 8: راولپنڈی، ایبٹ آباد اور پشاور کی کامیابی

 

نیشنل ٹی ٹوئنٹی سپر 8: راولپنڈی، ایبٹ آباد اور پشاور کی کامیابی

یاسر خان کے جارحانہ 87 رنزناٹ آؤٹ، شہاب خان اور عثمان قادر کی پانچ پانچ وکٹیں

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے سپر8 مرحلے کے تیسرے روز کھیلے گئے میچوں میں راولپنڈی، ایبٹ آباد اور پشاور نے کامیابی حاصل کرلی۔
آج کا آخری میچ لاہور وائٹس اور کراچی وائٹس کے درمیان نیشنل بینک اسٹیڈیم میں رات آٹھ بجے کھیلا جائے گا۔

یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں راولپنڈی نے سیالکوٹ کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی۔
سیالکوٹ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 2 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔شعیب ملک نے 56گیندوں پر آؤٹ ہوئے بغیر84 رنز اسکور کیے جس میں 6 چوکے اور4 چھکے شامل تھے۔
عاشر محمود نے72 رنز بنائے اور وہ بھی آؤٹ نہیں ہوئے ان کی اننگز میں 4چوکے اور4 چھکے شامل تھے۔
شعیب ملک اور عاشر محمود نے تیسری وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 153 رنز کا اضافہ کیا۔
راولپنڈی نے 18.4 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔ یاسرخان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 7 چھکوں اور 4چوکوں کی مدد سے صرف 52 گیندوں پر 87 رنز ناٹ آؤٹ کی میچ وننگ اننگز کھیلی۔وہ اس شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں ایبٹ آباد نے فاٹا کو 57 رنز سے ہرادیا۔
ایبٹ آباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں پر188 رنز اسکور کیے۔فخرزمان نے اپنے مخصوص جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے69 رنز بنائے جس میں 5 چوکے اور3 چھکے شامل تھے۔ سجاد علی نے 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے44 رنز اسکور کیے۔ان دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں123 رنز کا اضافہ کیا۔
آصف علی نے 25 اور خوشدل شاہ نے39 رنز کے عوض دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
فاٹا کی ٹیم 17.2 اوورز میں 131 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔سمیع اللہ جونیئر 8 چوکوں کی مدد سے53 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔شہاب خان نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 20 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔خالد عثمان نے 29رنز کے عوض 3 کھلاڑی آؤٹ کیے۔
شہاب اپنی عمدہ بولنگ کے سبب پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پشاور نے لاہور بلوز کو5 رنز سے ہرادیا۔
پشاور کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 133رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔محمد حارث نے 5 چوکوں اور5 چھکوں کی مدد سے55 رنز اسکور کیے۔ عثمان قادر نے صرف 14 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔حنین شاہ نے دو کھلاڑیوں کو 29 رنز دے کر آؤٹ کیا۔
لاہور بلوز کی ٹیم 20 اوورز میں8 وکٹوں پر128 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔کاشف بھٹی 25 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ افتخار احمد اور عمران خان نے بالترتیب 16 اور33 رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
محمد حارث پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

 

 

error: Content is protected !!