نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ سپر8: لاہور بلوز کی راولپنڈی کے خلاف 64 رنز سے جیت

 

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ سپر8: لاہور بلوز کی راولپنڈی کے خلاف 64 رنز سے جیت

نثار احمد کی ہیٹ ٹرک سمیت پانچ وکٹیں

کراچی 5دسمبر،2023:ء

 

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے سپر 8 مرحلے کے سلسلے میں پیر کے روز کھیلے گئے آخری میچ میں لاہور بلوز نے راولپنڈی کو 64 رنز سے شکست دیدی۔

اس میچ کی خاص بات لاہور بلوز کے نثار احمد کی ہیٹ ٹرک تھی انہوں نے صرف 5 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کرڈالیں۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم میں لاہور بلوز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر166 رنز بنائے۔

حسین طلعت نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 42 رنز بنائے اور وہ آؤٹ نہیں ہوئے۔قاسم اکرم نے بھی تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 40 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی۔ عمران بٹ نے 39 رنز بنائے جس میں چھ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

راولپنڈی کے سب سے کامیاب بولر مہران ممتاز رہے انہوں نے22 رنز دے کر2 وکٹیں حاصل کیں۔

راولپنڈی کی ٹیم 17.4 اوورز میں 102 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ مبصر خان 24 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔

نثار احمد نے2.4 اوورز میں صرف 5 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کرڈالیں جس میں ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے۔ انہیں اس شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔

ٹورنامنٹ میں منگل کو آرام کا دن ہوگا۔

 

 

تعارف: News Editor