آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے آل راؤنڈر عامر جمال نے کہا ہے کہ ڈیوڈ وارنر جیسے کوالٹی بیٹر کے سامنے باؤلنگ کرنا چیلنج ہوتا ہے، وارنر نے اچھی اننگز کھیلی۔
پرتھ ٹیسٹ میں پہلے دن کے کھیل کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے عامر جمال نے کہا کہ ڈیبیو ٹیسٹ کے پہلے دن باؤلنگ میں مزا آیا، دوسرے سپیل میں ردھم آگیا تھا جس کے بعد اور زیادہ مزہ آیا۔
انہوں نے کہا کہ وکٹ کے لحاظ سے کچھ رنز ہم نے زیادہ دیے لیکن ریکور اچھا کرلیا تھا، ٹیسٹ کرکٹ ایک بڑی کرکٹ ہے لیکن جب آپ نے محنت کی ہو تو پھر مشکل نہیں ہوتی۔
قومی کرکٹر نے مزید کہا کہ کوشش کریں گے کل آسٹریلوی ٹیم کو جلد آل آؤٹ کر لیں، خرم شہزاد کے ساتھ باؤلنگ کرنا اچھا لگا، دونوں ایک دوسرے کو اعتماد دیتے رہے۔
خیال رہے کہ پرتھ ٹیسٹ کے پہلے روز کے کھیل کے اختتام تک آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر کے لاٹھی چارج کی بدولت 5 وکٹوں کے نقصان پر 346 رنز بنا لیے ہیں۔