ا
ے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش نے بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا،
بنگلہ دیش انڈر 19 نے بھارت کا 189 رنز کا ہدف 42.5 اوورز میں باآسانی حاصل کرلیا، عارف الاسلام نے 94 رنز کی اننگز کھیل کر جیت میں اہم کردار ادا کیا، معروف مریدھا کو 4 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، انڈر 19 ایشیا کپ کا فائنل اتوار کو بنگلہ دیش اور یو اے ای کے درمیان کھیلا جائے گا۔
جمعہ کو آئی سی سی اکیڈمی ٹو دبئی میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارتی ٹیم پہلے 42.4 اوورز میں 188 رنز پر آئوٹ ہوگئی، مروگان ابھیشیک نے 62 اور مشیر خان نے 50 رنز کی بہترین اننگز کھیلی
جبکہ ان کے علاوہ کوئی بیٹر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا ، بنگلہ دیشی بائولر معروف مریدھا نے 41 رنز کے عوض 4 اہم وکٹیں حاصل کرکے بھارت کو بڑے سکور سے روکنے میں اہم کردار ادا کیا، شیخ پائیویز جبون اور روہانت دولہا نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ محفوظ الرحمان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارت کا 189 رنز کا آسان ہدف بنگلہ دیش نے 42.5 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی بلے بازوں نے اننگز کا مایوس کن انداز میں آغاز کیا اور 34 کے مجموعی سکو رپر 3 وکٹیں گنوا دیں۔
اس موقع پر عارف الاسلام نے احرار امین کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا اور 138 رنز کی شاندار شراکت قائم کرکے اپنی ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچا دیا،
عارف الاسلام 94 رنز بنا کر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے جبکہ احرار نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔ بھارت کی طرف سے نمان تیواری نے 3 اور راج لمبانی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ انڈر19 ایشیا کپ کا فائنل بنگلہ دیش اور یو اے ای کے درمیان اتوار کو کھیلا جائے گا