آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان انڈر 19 ٹیم کا اعلان.

 

آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان انڈر 19 ٹیم کا اعلان

سعد بیگ قیادت کریں گے، ورلڈ کپ جنوبی افریقہ میں منعقدہ ہوگا

لاہور 23 دسمبر، 2023:ء

آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی پندرہ رکنی انڈر 19 ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔

سعد بیگ ٹیم کی قیادت کریں گے۔

انڈر 19 ورلڈ کپ 19جنوری سے 11 فروری 2024 تک جنوبی افریقہ میں منعقد ہوگا۔

 

جونیئر سلیکشن کمیٹی نے اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ سے قبل بہترین کارکردگی دکھانے والے 45 کرکٹرز کو کراچی میں ٹریننگ کیمپ میں بلایا تھا۔ اس پول میں سے پندرہ کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

منتِخب کردہ اسکواڈ میں شامل محمد ذیشان اور علی اسفند گزشتہ سال ویسٹ انڈیز میں منعقدہ انڈر19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں جس میں پاکستان کی پانچویں پوزیشن رہی تھی۔

اسکواڈ میں 12 کرکٹرز وہ ہیں جنہوں نےدبئی میں منعقدہ حالیہ انڈر19 ایشیا کپ میں حصہ لیا تھا اس ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم گروپ مرحلے میں ناقابل شکست رہنے کے بعد سیمی فائنل میں متحدہ عرب امارات سے ہاری تھی۔

انڈر 19 ایشیا کپ میں محمد ذیشان نے پاکستان کے لیے سب سے زیادہ 11 وکٹیں حاصل کی تھیں جس میں نیپال کے خلاف 19 رنز دے کر 6 وکٹوں کی کارکردگی بھی شامل ہے۔ عبید شاہ دس وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

بیٹنگ میں اذان اویس نے چار اننگز میں 222 رنز بنائے تھے جس میں انڈیا کے خلاف میچ وننگ 105رنز ناٹ آؤٹ قابل ذکر تھے۔
کپتان سعد بیگ نے نیپال (50)، انڈیا (68 ناٹ آؤٹ) اور متحدہ عرب امارات (50) کے خلاف نصف سنچریاں بنائی تھیں اور مجموعی طور پر176 رنز اسکور کیے تھے۔
شامل حسین افغانستان کے خلاف پانچ چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 75 رنز بناکر پلیئر آف دی میچ رہے تھے۔

انڈر 19 ورلڈ کپ میں روانگی سے قبل پاکستان ٹیم 28 دسمبر سے6 جنوری تک لاہور میں کیمپ میں حصہ لے گی۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
سعد بیگ (کپتان، وکٹ کیپر)، علی اسفند (نائب کپتان)، علی رضا، احمد حسن، عامرحسن، عرفات منہاس، اذان اویس، ہارون ارشد، خبیب خلیل، محمد ریاض اللہ، محمد ذیشان، نوید احمد خان، شاہ زیب خان، شامل حسین اور عبید شاہ۔

ٹیم کا سپورٹ اسٹاف یہ ہے:
شعیب محمد (منیجر)، محمد یوسف (ہیڈ کوچ)، ریحان ریاض (بولنگ کوچ)، منصور امجد (فیلڈنگ کوچ)، محمد مسرور (اسسٹنٹ بیٹنگ کوچ)، عمر رشید ڈار(اسسٹنٹ کوچ)، حافظ نعیم الرسول (فزیو)، عثمان ہاشمی (انالسٹ) اور عمران اللہ (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ)

چیئرمین جونیئر سلیکشن کمیٹی سہیل تنویر کا کہنا ہے کہ انڈر 19 اسکواڈ کی سلیکشن دستیاب ٹیلنٹ کے پول کی وجہ سے ہمیشہ چیلنجنگ ہوتا ہے۔ انہیں امید ہے کہ اس منتخب ٹیم میں اچھی کارکردگی دکھانے کی صلاحیت موجود ہے۔ یہ متوازن ٹیم ہے۔

ہم نے ایشیا کپ سے قبل 45 کھلاڑیوں کو کیمپ میں بلایا تھا جن میں سے ہم نے کھلاڑیوں کی نشاندہی کی اور پھر کارکردگی کی بنیاد پر اسکواڈ کا انتخاب کیا۔

ایشیا کپ میں ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد ہم نے ورلڈ کپ اسکواڈ میں ردوبدل کیا ہے۔ جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے۔

ٹیم میں چھ بیٹرز، دو بیٹنگ آل راؤنڈرز، ایک فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر اور پانچ فاسٹ بولرز رکھے گئے ہیں تاکہ ٹیم منیجمنٹ کو کنڈیشنز کے اعتبار سے صحیح کامبی نیشن منتخب کرنے میں آسانی رہے۔

 

 

 

error: Content is protected !!