پریذیڈنٹ ٹرافی : واپڈا نے ہائر ایجوکیشن کو 4 وکٹوں سے ہرادیا
کراچی 25 دسمبر، 2023:ء
پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں کھیلے جانے والے دوسرے راؤنڈ میں واپڈا نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو4 وکٹوں سے شکست دیدی۔
یہ اس ٹورنامنٹ میں واپڈا کی دوسری کامیابی ہے۔ اس نے پہلے میچ میں کے آر ایل کو 48 رنز سے شکست دی تھی۔
آج نیشنل بینک اسٹیڈیم میں میچ کے چوتھے اور آخری دن واپڈا نے اپنی دوسری اننگز 114 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو اسے جیت کے لیے مزید 106 رنز درکار تھے جو اس نے مزید دو وکٹیں گرنے کے بعد بنالیے۔
گزشتہ روز کے ناٹ آؤٹ بیٹر عمراکمل اپنے اسکور میں 24 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ ان کی 85 رنز کی اننگز میں دس چوکے شامل تھے۔ ایاز تصور نے بھی دس چوکوں کی مدد سے 65 رنز بنائے۔ محمد جنید نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
پریذیڈنٹ ٹرافی کا تیسرا راؤنڈ 28 دسمبر سے شروع ہوگا جس میں ایس این جی پی ایل کا مقابلہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں ہوگا۔ کے آر ایل کی ٹیم یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کا سامنا کرے گی جبکہ نیشنل بینک اسٹیڈیم میں غنی گلاس اور پی ٹی وی کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔