گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ پشاورکے تن سازوں کا
مسٹرپاکستان و جونیئر مسٹرپاکستان کاٹائٹل جیتنا خیبرپختونخوا کیلئے ایک بڑااعزاز ہے،
پشاورکے تن سازوں کی حوصلہ افزائی میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا،ہمیں فخر ہے کہ ہمارے نوجوان تن سازوں نے اپنی محنت سے صوبے اورپشاورکانام روشن کیا ہے اورامید کرتے ہیں کہ مستقبل میں بھی اسی محنت اور جذبہ سے صوبے اور ملک کا نام روشن کریں گے،
کھلاڑیوں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کرنے کے علاوہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، مختلف کھیلوں کے کھلاڑی جب بھی اکٹھے ہوتے ہیں تو ایک خوبصورت گلدستہ بنتاہے
اور اس گلدستے کو مزید خوبصورت بنائینگے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے خیبر پختونخوا باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے34 رکنی وفد سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔مئیر پشاور حاجی زبیر علی نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔
صدرخیبرپختونخواباڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن سید الرحمٰن، جنرل سیکرٹری عادل خان، صدر پشاور انور زیب، جنرل سیکرٹری پشاور ایسوسی ایشن عابد اللہ سمیت معروف باڈی بلڈر و مسٹر پاکستان ٹائٹل چیمپئن سید محمد عرف بابا اور جونیئر پاکستان ٹائٹل چیمپئن ذیشان خان شامل تھے۔
ایسوسی ایشن کے صدر سیدالرحمن نے ملاقات کاموقع فراہم کرنے پرگورنر کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے بتایاکہ حالیہ دنوں لاہورمیں خیبرپختونخوا باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن نے مسٹر پاکستان اور جونئر مسٹر پاکستان مقابلوں میں شرکت کی
اوردونوں اعزاز پشاور کے باڈی بلڈرز نے اپنے نام کئے۔انہوں نے بتایاکہ تاریخ میں پہلی دفعہ صوبے کو یہ اعزاز بھی حاصل ہوا کہ مقابلوں میں 5 گولڈ میڈلز،2 سلور میڈلز اور 3 برائون میڈلز حاصل کئے ۔