اپر دیر کے محمد ریاض اللہ انڈر 19 ورلڈ کپ میں خود کو منوانے کے خواہشمند
لاہور 18 جنوری، 2024:ء
محمد ریاض اللہ ایک مڈل آرڈر بیٹر کے طور پر آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی لائن اپ میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
اپر دیر، خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والے دائیں ہاتھ کے نوجوان بیٹر کو پروفیشنل کرکٹ کھیلنے کے اپنے خواب کو پورا کرنے کے لیے تمام مشکلات پر قابو پانا پڑا۔
ریاض اللہ نے کرکٹ کو آگے بڑھانے کے لیے بہت کم عمری میں پشاور منتقل ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔ ان کے والدین ان کے اس فیصلے سے گھبرا رہے تھے لیکن انہوں نے اپنے جذبے اور عزم سے انکی حمایت حاصل کی۔
انہوں نے پی سی بی ڈیجیٹل کو بتایا کہ "اپر دیر میں محدود سہولیات تھیں اس لیے مجھے پشاور جانا پڑا میرا خاندان نہیں چاہتا تھا کہ میں منتقل ہو جاؤں لیکن میں نے ان سے وعدہ کیا کہ میں کرکٹ کے ساتھ ساتھ اپنی تعلیم پر توجہ دوں گا۔”
تاہم پشاور منتقل ہونے سے ریاض اللہ کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ وہ بتاتے ہیں کہ "ہم اس وقت مالی طور پر مشکلات کا سامنا کر رہے تھے کیونکہ میرے بھائی کو کینسر تھا۔ میرے والد ایک اسکول ٹیچر تھے اور ان کی زیادہ تر تنخواہ میرے بھائی کے علاج پر خرچ ہوتی تھی۔ جب میرے کوچز کو میری مالی رکاوٹوں کے بارے میں معلوم ہوا تو انہوں نے میری فیس میں نمایاں کمی کر کے میرا ساتھ دیا۔
2018 میں ریاض اللہ نے پشاور میں کلب کرکٹ کھیلنا شروع کی- اگلے ہی سال وہ پی سی بی کے زیر اہتمام انڈر 13 ریجنل ٹورنامنٹ میں کھیلے۔
ریاض اللہ 22-2021 نیشنل انڈر 16 کپ میں اپنی کارکردگی سے ابھر کر سامنے آئے جہاں انہوں نے خیبر پختونخوا وائٹس انڈر 16 کی نمائندگی کی اور چھ میچوں میں 419 رنز بنا کر سرفہرست رہے جس میں ایک سنچری اور چار نصف سنچریاں شامل تھیں۔
2023-24 کے نیشنل انڈر 19 کپ میں ریاض اللہ ٹورنامنٹ کے دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر تھے۔ ایبٹ آباد انڈر 19 کے لیے کھیلتے ہوئے انہوں نے چار میچوں میں دو سنچریاں بنائیں جس کے نتیجے میں انہیں سری لنکا انڈر 19 کے خلاف ہوم سیریز کے لیے قومی انڈر 19 ٹیم میں شامل کیا گیا۔
ریاض اللہ نے اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ 2023 میں افغانستان انڈر 19 کے خلاف میچ وننگ نصف سنچری بنائی۔
بابر اعظم کو فالو کرنے والے ریاض اللہ اپنے کریئر میں انہی کی تقلید کرنے کی امید رکھتے ہیں۔ وہ آنے والے انڈر 19 ورلڈ کپ میں خود کو ثابت کرنے کا بہترین موقع سمجھتے ہیں۔
ریاض اللہ نے کہا “میں نے جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز کی تیاری کے لیے کوچز کے ساتھ سخت محنت کی ہے۔ انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا بڑے اعزاز کی بات ہے۔ اس سے قبل اپر دیر کے کامران غلام نے پاکستان انڈر 19 کی نمائندگی کی تھی اور یہ پورے علاقے کے لیے اعزاز کی بات تھی۔ میں چاہتا ہوں کہ میرے خاندان اور میرے شہر میں ہر کوئی مجھ پر فخر کرے۔