نیشنل ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ: کراچی، ملتان اور لاہور کی کامیابی
منیبہ علی، جویریہ خان، گل فیروزہ اور سدرہ امین کی نصف سنچریاں
نیشنل ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوسرے دن کراچی، ملتان اور لاہور نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔ ان میچوں کی خاص بات منیبہ علی، جویریہ خان، گل فیروزہ اور سدرہ امین کی نصف سنچریاں تھیں۔
شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کراچی نے پشاور کو 101 رنز سے ہرادیا۔
کراچی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 2 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔
منیبہ علی نے آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 64 رنز اسکور کیے۔ جویریہ خان نے 51 رنز کی اننگز کھیلی جس میں چھ چوکے شامل تھے۔ ان دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 93 رنز کا اضافہ کیا۔
پشاور کی ٹیم 6 وکٹوں پر 82 رنز بنا سکی۔ علینہ شاہ 44 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ سیدہ عروب شاہ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
منیبہ علی پلیئر آف دی میچ رہیں۔
ایوب پارک گراؤنڈ راولپنڈی میں ملتان نے کوئٹہ کو 21 رنز سے ہرادیا۔
ملتان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 129 رنز بنائے اور اس کی 3 وکٹیں گریں۔
گل فیروزہ نے آؤٹ ہوئے بغیر 75 رنز بنائے جس میں نو چوکے شامل تھے۔ انعم امین نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
کوئٹہ کی ٹیم جواب میں 9 وکٹوں پر 108 رنز بناسکی۔ دعا ماجد نے 42 رنز اسکور کیے۔ ثمینہ آفتاب نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
گل فیروزہ پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔
ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں لاہور نے راولپنڈی کے خلاف 41 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
لاہور نے پہلے بیٹنگ کی اور 3 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز اسکور کیے۔
سدرہ امین نے بارہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 85 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہیں۔
راولپنڈی کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔ عائمہ سلیم نے 25 رنز اسکور کیے۔ نشرہ سندھو اور غلام فاطمہ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
سدرہ امین پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔