احمد بیگ نے رشید ڈی حبیب میموریل گالف 2024 کی ٹرافی اپنے نام کرلی
کراچی، 21 جنوری، 2024 – 13 واں رشید ڈی حبیب میموریل نیشنل پروفیشنل گالف ٹورنامنٹ 2024 اتوار کو کراچی گالف کلب میں اختتام پذیر ہوا، جہاں لاہور کے احمد بیگ چار روزہ ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کے بعد نئے ٹائٹل ہولڈر کے طور پر ابھرے۔
پہلے دن سے ٹورنامنٹ میں برتری قائم رکھتے ہوئے احمد بیگ نے غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے -275 – 13 انڈر کا مجموعی اسکور بنا کر ٹرافی حاصل کی۔ کے جی سی کے محمد زبیر نے اس کیٹگری میں رنر اپ پوزیشن حاصل کی۔
سینئر پروفیشنلز کیٹیگری میں نثار حسین نے ٹرافی اپنے نام کی، محمد صدیق اور محمد طارق رنر اپ رہے۔ جونیئر پروفیشنل کیٹگری میں محمد ساحل اور عمر شہزاد نے بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کی۔
ٹورنامنٹ کے دوسرے دن، پی اے ایف کے زبیر حسین نے ریڈ کورس کے 7ویں ہول پر 5 آئرن کا استعمال کرتے ہوئے 210 گز کے فاصلے کے ساتھ شاندار ہول ان ون حاصل کیا۔ زبیر کو انعام میں بینک الحبیب کی جانب سے بالکل نئی ٹویوٹا کرولا کار دی گئی۔ مقامی کے جی سی کیٹگری میں ہول ان ون کرنے والے کے لیے رکھی گئی ایک اور کار اپنے فاتح کی منتظر رہی۔
رشید ڈی حبیب میموریل گالف ٹورنامنٹ کے 23 ویں ایڈیشن میں مقامی کے جی سی پروفیشنلز، سینئر پروفیشنلز، اور کے جی سی کیڈیز کے لیے دو روزہ میچ 16 اور 17 جنوری 2024 کو منعقد ہوا۔ کیڈیز کیٹیگری میں شاہد ملک نے 2024 کی ٹرافی اپنے نام کی۔ ایم جاوید اور کامران ظہور رنر اپ رہے۔ عاشق ناز کے جی سی سینئر پروفیشنل کیٹیگری میں سرفہرست رہے ، اور ایم اقبال نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ کے جی سی پروفیشنلز کیٹیگری میں ایم نواز فاتح جبکہ علی شیر رنر کے طور پر سامنے آئے۔
محمد شبیر، احمد بیگ، محمد منیر، اور منہاج مقصود وڑائچ سمیت پانچ پروفیشنل گالفرز کو 100,000 روپے کی انفرادی اپیئرنس فیس ادا کی گئی۔ مزید برآں، 150,000 روپے سینئر پیشہ پروفیشنل گالفرز؛ محمد طارق، نثار حسین، اور محمد اکرم میں یکساں طور پر تقسیم کیے گئے۔
مہمان خصوصی چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، نشانِ امتیاز ملٹری، تمغہ بسالت اور بینک الحبیب کے چیئرمین عباس ڈی حبیب نے جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔ ایڈمرل نوید اشرف نے اس مقبول گالف ٹورنامنٹ کے انعقاد پر بینک الحبیب اور کراچی گالف کلب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کراچی کے موسم کو گالف کے لیے خوشگوار قرار دیا۔