پریذیڈنٹ ٹرافی: غنی گلاس نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو 2 وکٹوں سے ہرادیا
رمیز جونیئر کی میچ میں 10 وکٹیں، عمرامین اور کامران غلام کی سنچریاں
کراچی 23 جنوری، 2024:ء
پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے ساتویں اور آخری راؤنڈ کے میچوں کے تیسرے دن غنی گلاس نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دیدی۔
اس میچ کی خاص بات فاتح ٹیم کے لیگ اسپنر رمیز جونیئر کی عمدہ بولنگ تھی جنہوں نے دوسری اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ میچ میں انہوں نے مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کیں۔
یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں غنی گلاس کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے خلاف جیتنے کے لیے 176 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ سعید علی نے سات چوکوں کی مدد سے 40 رنز اسکور کیے۔
شان مسعود نے پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 34 رنز بنائے۔ آفاق آفریدی نے 19 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 179 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ عمرامین جو گزشتہ روز 82 رنز پر ناٹ تھے 104 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ان کی اننگز میں 14 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا
تاہم ان کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین قابل ذکر کارکردگی نہ دکھاسکا۔ محمد رمیز جونیئر نے 59 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں اس طرح انہوں نے میچ میں181 رنز کے عوض 10 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر ہیں۔
اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ایس این جی پی ایل کے خلاف میچ جیتنے کے لیے 374 رنز کا ہدف ملا ہے۔ تیسرے دن کھیل ختم ہونے پر اس نے 91 رنز بنائے تھے اور اس کی ایک وکٹ گری تھی۔ محمد حریرہ 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل ایس این جی پی ایل نے اپنی دوسری اننگز 351 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی تھی۔
کامران غلام نے 9 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 104 رنز اسکور کیے۔ عمیر بن یوسف نے 82 اور سعود شکیل نے 49 رنز اسکور کیے۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن کو جیتنے کے لیے مزید 283 رنز درکار ہیں اور اس کی 9 وکٹیں باقی ہیں۔