پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے کپتان بابر اعظم کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف جارحانہ اننگز کھیلنے پر قیمتی تحفہ دے دیا۔
پشاور زلمی نے پہلےکھیلتے ہوئے5 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے، زلمی کے کپتان بابراعظم63 گیندوں پر 111 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، بابراعظم کی اننگز میں 2 چھکے اور 14چوکے شامل تھے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف شاندار سنچری سکور کرنے پر پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے بابر اعظم کو قیمتی گاڑی تحفے میں دینے کا اعلان کیا۔
سوشل میڈیا پر جاوید آفریدی نے قیمتی گاڑی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اس ماڈل کی گاڑی کو پہلی بار بابر اعظم چلائیں گے جو پاکستان میں تیار کی گئی ہے۔
میچ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے اپنی اس بہترین پرفارمنس اور ناقابل شکست سنچری کا سہرا اپنی والدہ کے سر سجا دیا۔
بابر اعظم نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ میری والدہ آج پہلی بار میرا میچ دیکھنے کے لیے گراؤنڈ میں آئی ہیں، ورنہ وہ عام طور سے ٹی وی پر ہی مجھے کھیلتا ہوا دیکھتی تھیں
بابر اعظم نے کہا کہ میری والدہ میرے لیے خوش قسمتی کی علامت ثابت ہوئی ہیں، وہ میرا میچ دیکھنے آئیں تو میں نے سنچری اسکور کی، یہ ان کی ہی وجہ سے ہے
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ایس ایل کے 13ویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 رنز سے شکست دی تھی