فضل حق کالج مردان میں سالانہ سپورٹس مقابلے کا انعقاد
مردان ; فضل حق کالج مردان میں گزشتہ روز سالانہ کھیلوں کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری تعلیم خیبرپختونخوا مسعود احمد کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا۔
پروگرام میں طلباء اور والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کالج کی پرنسپل میڈم ثمینہ خان نے پروگرام کے دوران سالانہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا
کہ اس سال فضل حق کالج مردان نے نہ صرف میٹرک میں تعلیمی بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کی بلکہ میٹرک اور انٹر کے نتائج میں سو فیصد رزلٹ حاصل کیا۔
اس سال فضل حق کالج مردان کے طلباء نے تعلیمی بورڈ کے سکواش اور لانگ ٹینس کے مقابلوں میں اول پوزیشن، کرکٹ میں دوسری پوزیشن جبکہ کراس کنٹری ریس میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔
فضل حق کالج کے طلباء نے آل پاکستان انٹر بورڈ سپورٹس مقابلوں میں تین گولڈ میڈل حاصل کیے۔ پروگرام میں طلباء نے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کرکے دکھایا۔ مارچ پاسٹ میں طلباء اور طالبات نے پریڈ کیا. اس کے بعد جمناسٹکس، کراٹے اور دیگر مقابلوں کا مظاہرہ کیا گیا۔
پروگرام میں موجود خاظرین کھیلوں کے ان مظاہروں سے خوب لطف اندوز ہوئے اور تمام کھلاڑیوں کو خوب سراہا۔ پروگرام کے اختتام پر مہمان خصوصی سیکرٹری تعلیم مسعود احمد نے طلباء اور طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ فضل حق کالج مردان پاکستان کا ایک بہترین تعلیمی ادارہ ہے. سیکرٹری تعلیم نے ادارہ کی کارکردگی اور کالج میں لا ئی جانے والی اصلاحات کو سراہا۔