پاکستان سپر لیگ 9 کے 20 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاداب خان کی آل راؤنڈ پرفارمنس کی بدولت پشاور زلمی کو 29 رنز سے شکست دے دی۔
پشاور زلمی نے اسلام آباد کی جانب سے دیئے گئے 197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے،
عامر جمال نے 49 گیندوں پر 6 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 87 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ لیکن وہ بھی ٹیم کو جیت دلانے میں کامیاب نہیں ہو سکے، ان کے علاوہ پاول والٹر 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
اننگز کے آغاز پر اوپنرز صائم ایوب 1 رن اور بابر اعظم صفر پر پویلین لوٹ گئے۔جبکہ ٹام کوہلر صرف 12 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے 3، حنین شاہ اور رومان رئیس نے 2، 2 جبکہ نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا جس پر اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے تھے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان 80 رنز کے ساتھ سرفہرست رہے جبکہ آغا سلمان نے 37 رنز کی اننگ کھیلی،
ان کے علاوہ جورڈن کوکس 26 اور اعظم خان 29 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ اوپنر ایلکس ہیلز پہلی گیند پر ہی پویلین لوٹ گئے، تاہم کولن منرو نے 15 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے،
پشاور زلمی کی جانب سے صائم ایوب نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ لیوک ووڈ اور سلمان ارشاد نے ایک ، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی کی تیسری اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی چوتھی پوزیشن ہے۔
پشاور زلمی: صائم ایوب، بابر اعظم (کپتان)، محمد حارث (وکٹ کیپر)، ٹام کوہلر کیڈمور، روومین پاول، پال والٹر، عامر جمال، لیوک ووڈ، محمد ذیشان، عارف یعقوب، سلمان ارشاد
اسلام آباد یونائیٹڈ: کولن منرو، ایلکس ہیلز، سلمان علی آغا، رومان رئیس، نسیم شاہ، فہیم اشرف، عماد وسیم، جورڈن کاکس، اعظم خان (وکٹ کیپر)، شاداب خان (کپتان)، حنین شاہ