متوازی اور غیر فعال سپورٹس ایسوسی ایشنز کو گرانٹ نہیں ملے گی ۔ڈاکٹر آصف طفیل
پنجاب سپورٹس بورڈ کی پالیسی کو پاکستان سپورٹس بورڈ اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے سراہا اور بھرپور تائید کی ہے۔
2ارب روپے کا انڈومنٹ فنڈ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور کلبوں کو فعال رکھنے کیلئے خرچ کیا جائے گا
ڈائریکٹر جنرل پنجاب سپورٹس بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل کی پاکستان سپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کے وفد سے گفتگو
لاہور( سپورٹس رپورٹر) پنجاب سپورٹس بورڈ گراس روٹ سطح پر ینگ ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی اور ان کو منظر عام پر لانے کیلئےاپنے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے جس کے بہترین نتائج آ رہے ہیں
سپورٹس ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس اور کھلاڑیوں کی کوچنگ سرگرمیوں کا جال پورے پنجاب میں پھیلا دیا جائےگا۔حکومت پنجاب کی بھرپور سپورٹس پالیسی کے مطابق کھلاڑیوں کی مالی سپورٹ کا سلسلہ مزید بڑھا دیا جائے گا
تا کہ کھلاڑی ہمارے ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس اور کوچنگ سےبھرپور استفادہ کرتے ہوئے نہ صرف وطن عزیز کا نام دنیا بھر میں روشن کر سکیں گے بلکہ معاشرے کے ایک ذمہ دار شہری بھی ثابت ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار پنجاب سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر آصف طفیل نے پاکستان سپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کے صدر محمد اقبال ہارپر کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وفد میں پاکستان اسپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد بابر، فنانس سیکرٹری عبدالقیوم شامل تھےاس موقع پر پی آر او پنجاب سپورٹس بورڈ عبدالرئوف روفی بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر آصف طفیل نے سپورٹس ایسوسی ایشنز کو گرانٹ دینے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آپ کو یہ جان کر خوشی ہوگی میں نے پنجاب سپورٹس بورڈ کی تاریخ میں پہلی بار ایک ایسا میکنزم بنا دیا ہے کہ اب صرف انہی سپورٹس ایسوسی ایشنز کو گرانٹس ملا کریں گی
جو اس میکنزم پر پورا اتریں گی۔متوازی اور غیر فعال ایسوسی ایشنز کو گرانٹس کی فراہمی کی کوئی گنجائش نہیں۔اس حوالے سے بطور ڈائریکٹر جنرل پنجاب سپورٹس بورڈ جو پالیسی بنائی ہے
اس کو پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے ساتھ بھی شیئر کیا ہے دونوں اداروں نے نہ صرف اس کو پسند کیا ہے اور اس کی بھرپور تائید کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ انشاءاللہ دوسرے صوبوں کے سپورٹس بورڈز کیلیئے بھی ایک مشعل راہ ثابت گی۔ڈاکٹر آصف طفیل نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پہلی بار پنجاب بھر کی کرکٹ کلبوں کی رجسٹریشن کا آغاذ کر دیا گیا ہے
اس کا مقصد کلبوں کو فعال رکھنا اور کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنا اور ان کی بھرپور مالی سپورٹ ہے۔
ڈاکٹر آصف طفیل نے مزید بتایا کہ کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود کیلئے 2 ارب روپے سے ایک انڈومنٹ فنڈ بھی موجود ہے انشاءاللہ آئندہ دنوں میں یہ فنڈ گراس روٹ سطح پر کلبوں اور کھلاڑیوں پر خرچ کیا جائے گا۔