پاکستان سپورٹس بورڈ اینڈ کوچنگ سنٹر پشاور ،کھلاڑیوں کیلئے بند ، پرائیویٹ تقریبات کیلئے اوپن

پیسہ بولتا ہے ،پی ایس بی کھلاڑیوں کیلئے بند ، پرائیویٹ تقریبات کیلئے اوپن

مسرت اللہ جان

پاکستان سپورٹس بورڈ اینڈ کوچنگ سنٹر پشاور میں سکول کے پرائیویٹ فنکشن کے انعقاد نے کھیلوں سے وابستہ حلقوں کو پریشانی سے دو چار کردیا ہے سات مارچ کو منعقد ہونیوالی تقریب کیلئے پاکستان سپورٹس بورڈ اینڈ کوچنگ سنٹر پشاور میں پرائیویٹ سکول کی تقریب ہوئی جس کے دوران جمنازیم میں سرٹیفیکیٹ دینے کی تقریب منعقد کی گئی

جبکہ جوڈو کے منی ہال سمیت پاکستان سپورٹس بورڈ پشاور کے چمن میں کھانے پینے کی اشیاءرکھی گئی تھی صبح نو بجے سے شروع ہونیوالی تقریب تین بجے تک منعقد کی گئی

اس تقریب میں طلباءو طالبات اور ان کے والدین نے بھی شرکت کی کھانے پینے کیلئے لائے گئے دیگوں کے ساتھ ہی پاکستان سپورٹس بورڈ اینڈ کوچنگ کے احاطے میں گندگی کے ڈھیر نظر آئے.

جبکہ بیڈمنٹن اور والی بال کے کھلاڑی بھی خوارپھرتے رہے اور اس انتظار میں تھے کہ انہیں جاکر پریکٹس کرنے کا موقع مل سکے کھیلوں کیلئے مختص پاکستان سپورٹس بورڈ اینڈ کوچنگ سنٹر پشاور میں ہونیوالی اس تقریب پر کھیلوں سے وابستہ حلقوں نے افسوس کا اظہار کیا ہے

اور اسے کھیلوں اور کھلاڑیوں کیساتھ ظلم قرار دیا ہے کہ جن کیلئے یہ سہولیا ت بنائی گئی ہیں ان پر یہ بند ہے اور اہم سٹیک ہولڈر بین ہیں جبکہ دیگر تقریبات کیلئے جگہ اوپن رکھی گئی ہیں.

اس حوالے سے پاکستان سپورٹس بورڈ اینڈ کوچنگ سنٹر پشاور کے قائم مقام ڈائریکٹر عثمان نے رابطے کرنے پر بتایا کہ گذشتہ کئی ماہ سے بیڈمنٹن کے کھلاڑی انہیں ماہانہ فیس بھی ادا نہیں کررہے جبکہ والی بال کے مقابلوں کی وجہ سے یکم مارچ سے جمنازیم بند کیا گیا تھا

ان کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پرائیویٹ تقریبات کے حوالے سے ہدایات دی ہیں اور باقاعدہ فیس ادا کرکے یہاں پر پرائیویٹ فنکشن کی گئی ہیں.ان کے مطابق جمنازیم کے اخراجات خصوصا بجلی کے بل زیادہ آتے ہیں

اسی وجہ سے پی ایس بی ہیڈ کوارٹر اسلام آباد سے باقاعدہ منظوری کے بعد اس طرح کی تقریبات کی جاتی ہیں. واضح رہے کہ پاکستان سپورٹس بورڈ اینڈ کوچنگ پشاور نے جمنازیم سمیت دیگر سہولیات پر باقاعدہ نوٹس لگایا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کیلئے ہال یکم مارچ سے بند ہے.

تعارف: News Editor