خیبر پختونخوا میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے ؛ سید فخر جہان

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نوجوان نسل کیلئے صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کے سلسلے میں مختلف کھیلوں کی ترقی اور ترویج کیلئے کوششیں کرے گی

اور اس سلسلے میں سالانہ ترقیاتی پروگرام میں اہم نوعیت کے منصوبے جاری رکھے جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت کی یہ کوشش ہوگی کہ صوبے میں کھیل کود کے حوالے سے موجود ٹیلنٹ کو سہولیات فراہم کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی جائے اور سپورٹس کمپلیکسز و گراؤنڈز میں تمام ضروری سہولیات بہم پہنچائی جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے محکمہ کھیل کے کانفرنس روم میں کھیلوں کے شعبے کے سالانہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں سیکریٹری کھیل اور امور نوجوانان مطیع اللہ سمیت ایڈیشنل سیکرٹری کھیل،ڈائریکٹر جنرل کھیل،چیف پلاننگ آفیسر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ مشیر کھیل کو اس موقع پر صوبہ بھر میں کھیلوں کے فروغ کی

سرگرمیوں اور انکے لئے انفراسٹرکچر کے حوالے سے مختلف نوعیت کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ اس موقع پر فورم نے زیادہ اثرات اور اہمیت کے حامل ترقیاتی منصوبوں کو آئندہ ترقیاتی پروگرام میں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔

اجلاس میں مشیر کھیل کا کہنا تھا کہ ہم صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے تاکہ یہاں پر تفریحی مواقع میسر ہوں اور یہاں پر ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل ممکن بنائی جا سکے۔

اجلاس میں مشیر کھیل نے کالام سوات میں نئے تعمیر ہونے والے کرکٹ اسٹیڈیم کے قیام میں حائل روکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے آئندہ ہفتے اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کی۔

error: Content is protected !!