پاکستان سپر لیگ کا فائنل کل ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائٹڈ کے درمیان ہوگا

پاکستان سپر لیگ 9 کا فائنل کل اسلام آباد یونائٹڈ اور

ملتان سلطانز کے درمیان نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو ہراکر فائنل میں جگہ بنائی ہے

جبکہ اسلام آباد یونائٹڈ نے ایلیمنیٹر میں کوئئٹہ اور زلمی کو شکست دی۔

کراچی17 مارچ 2024 :

ملتان کا یہ چوتھا فائنل ہے وہ 2021 کی فاتح ہے جبکہ آخری دو فائنلز میں اسے لاہور قلندرز نے شکست دی۔ اسلام آباد یونائٹڈ نے پی ایس ایل کے دو فائنلز کھیلے ہیں اور دونوں مرتبہ اس نے ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔

ملتان سلطانزکو کپتان محمد رضوان، یاسر خان، عثمان خان جیسے بیٹرز کی خدمات حاصل ہیں جبکہ بولنگ لائن محمدعلی، اسامہ میر اور ڈیوڈ ولی پہ مشتمل ہے۔

اسامہ میر اس پی ایس ایل میں سب سے زیادہ23 وکٹیں لینے والے بولر ہیں محمد رضوان اسوقت بیٹنگ میں 382 رنز بناکر دوسرے نمبر پر ہیں۔

اسلام آباد یونائٹڈ کے پاس الیکس ہیلز، کالن منرو، مارٹن گپٹل اور شاداب خان کی شکل میں تجربہ کار بیٹرز موجود ہیں۔ عماد وسیم اور حیدر علی نے زلمی کے خلاف جس طرح بیٹنگ کی ہے اس سے یونائٹڈ کو بڑی تقویت ملی ہے۔ یونائٹڈ کی بولنگ میں نسیم شاہ 15 وکٹوں کے ساتھ نمایاں ہیں۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ ان کی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں بھرپور اسپرٹ کے ساتھ کھیلتے ہوئے زبردست پرفارمنس دی ہے۔ ہماری ٹیم تمام شعبوں میں متوازن ہے

لیکن ہمیں فائنل میں اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا اور اگر ایسا ہوگیا تو ملتان اور جنوبی پنجاب کے لوگ شاندار نتیجہ دیکھیں گے۔

اسلام آباد یونائٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی ٹیم پر فخر ہے کہ اس نے مشکل سچویشن میں اعصاب پر قابو پاتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہمیں فائنل میں پہنچنے کے لئے پانچ سال انتظار کرنا پڑا ہے

لیکن اس ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں نے مثالی کیریکٹر دکھایا ہے مجھے یقین ہے کہ فائنل میں ہمارے کھلاڑی اسی مستقل مزاجی کو برقرار رکھیں گے اور ہمیں چیمپئن بنائیں گے۔

تعارف: News Editor