یوم پاکستان نائیٹ سائیکل ریس سوئی سدرن کے فرمان محمد نے جیت لی

سوئی سدرن نے ایک مرتبہ پھر میدان مارلیا، یوم پاکستان نائیٹ سائیکل ریس فرمان محمد نے جیت لی

ایم ڈی سوئی سدرن گیس عمران منیار، سیکرٹری اسپورٹس آصف انصاری اور ایڈمن اسپورٹس عارف وحید کی سایئکلسٹوں کو مبارکباد

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) یوم پاکستان کی مناسبت سے پشاور میں خیبر پختونخواسائیکلنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام نائٹ سائیکل ریس کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف ڈویژنوں اور کلبوں کے40سے زائد سائیکل سواروں نے اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔

سوئی سدرن گیس کمپنی کے فرمان محمدنے غیر معمولی مہارت اور اسکلز کا مظاہرہ کرتے ہوئے38:20 منٹ کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی،بائیکستان سائیکلنگ اکیڈمی کراچی کے صادق اللہ دوسرے،مردان کے عمر فارو ق تیسرے،

پشاور کے محمد زیب چوتھے،سوئی سدرن گیس کمپنی کے یوسف پانچویں اور مردان کے خضر حیات چھٹے نمبر پر رہے،نائٹ سائیکل ریس میں نا صرف شریک سایئکلسٹوں نے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا

بلکہ شائقین کی جانب سے بھی ان کی بھر پور پذیرائی کی گئی۔ریس کا آغاز شاہانہ بزنس سینٹر رنگ روڈ پشاور سے ہوا اور اس کا اختتام حیات آباد ٹول پلازہ پرہوا۔

پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ کی سرپرستی میں منعقد ہونے والی سائیکل ریس کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈی جی انفارمیشن محمد عمران تھے

جنہوں نے کامیاب سائیکلسٹوں میں انعامات،اسناد اور ٹرافیز تقسیم کیں اس موقع پر خیبر پختون خواہ سائیکلنگ ایسوسییشن کے صدر انجینئرسید شایان علی شاہ،

سیکرٹری محمد علی، نثار احمد سمیت متعدد عمائدین شہر اورمعززین بھی موجود تھے۔سوئی سدرن کے منیجنگ ڈایریکٹر عمران منیار،سیکریٹری اسپورٹس اور سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین آصف انصاری

اور ایڈ من اسپورٹس/ ٹیم منیجر عارف وحید خان نے اس شاندار پرفارمنس پر فرمان محمد اوریوسف کو مبارک باد دیتے ہوئے مستقبل کے ایونٹس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

تعارف: News Editor