انٹر کالج رمضان T-20 کپ میں گورنمنٹ جناح کالج کی مسلسل تیسری کامیابی ۔”
نعیم گل اور نور زمان کو پلیئر آف دی میچ قراردیا گیا۔
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر)
ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے زیر اہتمام اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون سے منعقد کردہ انٹر کالج رمضان T-20 کپ میں فلڈ لائٹس میں کھیلے گئے مزید دو میچز کا فیصلہ ہو گیا۔
عید گاہ گراؤنڈ ناظم آباد پر کھیلے گئے پہلے میچ میں گورنمنٹ جناح کالج نے ہیپی پیلس کالج کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل تیسری کامیابی حاصل کر لی۔
ہیپی پیلس کالج نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 97 رنز بنائے۔ محمد داور ملک نے 5 چوکوں کی مدد سے 47 اور عمر سلطان نے 17 رنز بنائے۔نعیم گل نے 11 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
جواب میں گورنمنٹ جناح کالج نے ایک وکٹ کے نقصان پر مطلوبہ 104 رنز بنا لئے۔محمد داؤد نے 1 چوکوں 5 چھکوں کی مدد سے 51 اور رضوان خان نے 44 رنز بنائے۔
کرکٹ آرگنائزر ایس اے فہیم اور طاہر محمود نے نعیم گل کو پلیئر آف دی میچ کا پانچ ہزار روپے کا کیش ایورڈ دیا۔ اس موقع پر نوید الامین بھی موجود تھے ۔ آئی بی اے کراچی یونیورسٹی گراؤنڈ پر کھیلے گئے
دوسرے میچ میں گورنمنٹ شپ اونر کالج نے دلچسپ مقابلے کے بعد گورنمنٹ کالج آصف آباد کو ایک وکٹ سے ہرا دیا۔ گورنمنٹ کالج آصف آباد کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 87 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔
اسحاق نے 18 داور رضوان نے 16 رنز بنائے۔ عظمت اللہ نے 8 ، نور زمان نے 16 اور محمد صائم نے 16 رنز دیکر 2-2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ جواب میں گورنمنٹ شپ اونرز کالج نے9 وکٹوں کے نقصان 88 رنز بنا لئے۔
سیف اللہ نے 15 رنز بنائے۔اظہر حسین نے 8 رنز دیکر 4 اور انعام الحق 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ میچ کے اختتام پر آر سی اے کے زون ایک کے ٹریزرار محمد طارق حفیظ نےنور زمان کو پانچ ہزار روپے کا کیش ایورڈ دیا گیا۔
اس موقع پر عارف وحید ، افضل قریشی ،محتشم علی اور ڈاکٹر عارف حفیظ بھی موجود تھے ۔