پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بابر اعظم کو ایک بار پھر ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔
اتوار کو پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بابر اعظم وائٹ بال کرکٹ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
سلیکشن کمیٹی کے متفقہ فیصلے کی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی طرف سے منظوری دی گئی ہے۔ بابر آئندہ ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل بطور کپتان ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سلیکشن کمیٹی کی جانب سے بابر اعظم کو دوبارہ کپتانی دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ پی سی بی کی پیشکش پر بابر نے خاندان اور دوستوں سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کرنے کا وقت مانگا تھا۔
یاد رہے کہ بابر اعظم نے گزشتہ سال نومبر میں تمام فارمیٹس کی کپتانی سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔ بابر اعظم کے بعد شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی اور شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔
ورلڈکپ 2023ء میں گرین شرٹس کی ناقص کارکردگی کے بعد بابر اعظم نے تمام فارمیٹس کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی اور شان مسعود کو ٹیسٹ فارمیٹ میں ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا جبکہ ون ڈے کے لیے کسی کپتان کے نام کا اعلان نہیں ہوا تھا۔
واضح رہے کہ بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان نے 71 ٹی ٹوئنٹی میچز میں سے 42 میچز جیتے اور 23 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بابر اعظم اب تک 5 انٹرنیشنل ٹورنامنٹس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021ء اور 2022ء، ایشیاء کپ 2022ء، 2023ء اور ورلڈ کپ 2023ء میں پاکستان ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں۔
تاہم پاکستان ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں اب تک کوئی آئی سی سی یا ایشیاء کپ ٹائٹل نہیں جیت سکی ہے۔
بابراعظم 52 ٹیسٹ، 117 ون ڈے اور 109 ٹی 20 میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ اسی کے ساتھ ساتھ وہ ٹی 20 ورلڈکپ سمیت 71 ٹی 20 میں میچز میں قیادت کرچکے ہیں۔