پاکستان نے سنیچر کی رات دبئی میں کراٹے کامبیٹ 45 مقابلے میں انڈیا کو دو ایک سے ہرا دیا ہے۔
پاکستان کے شاہ زیب رند نے انڈیا کے رانا سنگھ کو شکست دے کر جیت اپنے ملک کے نام کی۔
دبئی میں ہونے والے کراٹے کامبیٹ 45 ایونٹ کی میزبانی سابق مکسڈ مارشل آرٹسٹ باس روٹن اور جارج سینٹ پیئر، یوٹیوبر مائیک مجلاک اور معروف بھارتی اداکار سلمان خان کر رہے ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے پہلے مقابلے میں پاکستان کے رضوان علی نے بھارت کے پوون گپتا کو ناک آؤٹ کیا۔
پاکستان کے کپتان شاہ زیب رند نے بھی بھارت کے رانا سنگھ کو ٹیکنیکل ناک آؤٹ کر دیا۔
واضح رہے کہ 25 سالہ شاہ زیب رند رواں سال فروری میں میکسیکو سٹی میں ہونے والے کراٹے کمبیٹ 44 میں تیز ترین ناک آؤٹ کرنے کے بعد تاریخ رقم کر چکے ہیں۔
دبئی میں ہونے والے کراٹے کومبیٹ 45 کے مقابلے سے قبل قومی ٹیم کے کپتان شاہ زیب رند نے بھارتی کپتان رانا سنگھ کو اچانک تھپڑ جڑ دیا تھا۔ جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ تھپڑ رسید کرنے کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔
شاہ زیب رند اور رانا سنگھ کا مقابلہ دلچسپ رہا اور میچ میں کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان کراٹے ماسٹر نے پاکستانی اور ہندوستانی پرچم اٹھائے، دوستی کا ہاتھ بڑھایا! جس پر شائقین انہیں داد دیئے بغیر نہ رہ سکے۔
میچ کے اختتام پر شاہ زیب رند سے سوال کیا گیا کہ وہ انہوں نے دونوں ممالک کے پرچم کیوں اٹھا رکھے ہیں جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ’’ہم دشمن نہیں ہیں، ہم دوست ہیں! اس فائٹ کا مقصد دونوں ممالک کے روابط کو قریب لانا ہے‘‘۔
شاہ زیب رند نے فائٹ کیلئے دبئی آنے پر پاکستانی اداکار عمران عباس کا بھی شکریہ ادا جبکہ بالی ووڈ اسٹار سلمان خان سے متعلق کہا کہ پچپن سے آپکو دیکھ کر بڑا ہوا ہوں، وہ میرے ’’سپر اسٹار‘‘ ہیں۔
کراٹے کامبیٹ ایک پروفیشنل مارشل آرٹس لیگ ہے جس میں فُل کانٹیکٹ کراٹے کے مقابلے شامل ہیں۔ کراٹے کامبیٹ دنیا بھر میں ایونٹس کی میزبانی کرتا ہے، جس میں مختلف ویٹ کیٹگریز اور ممالک کے فائٹرز کے درمیان مقابلہ ہوتا ہے۔