نوجوان ٹیم سلطان اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں اچھا کھیل پیش کرسکتی ہے،کوچ ریحان بٹ
ٹیم کے اعلان کے بعد تربیتی کیمپ میں موجود کھلاڑیوں کے جوش میں اضافہ،بھر پور ٹریننگ جاری
سلطان اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے لئے قومی ٹیم کے اعلان کے بعد کراچی کے عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں جاری تربیتی کیمپ میں موجود کھلاڑیوں کے جوش و خروش میں مزید اضافہ ہو گیا ہے،
گزشتہ روز کیمپ میں شریک کھلاڑیوں نے ہیڈ کوچ اولمپئن ایاز محمود کے ساتھ کوچز اولمپئن ریحان بٹ، اولمپئن محمد ثقلین اور گول کیپنگ کوچ کی نگرانی میں صبح و شام دونوں اوقات میں بھر پور ٹریننگ سیشن کئے۔
صبح کے اوقات میں فزیکل ٹرینر حسن حیدر کی نگرانی میں معمول کی فزیکل ٹریننگ کے بعد جدید ہاکی تیکنیکس کی متعدد ڈرلز کی گئیں،شام کے اوقات میں پریکٹس میچ کھیلا گیا
جس میں جس میں پنالٹی کارنرز،پنالٹی شوٹ آؤٹ،پنالٹی اسٹروکس،اسکوپ اورلانگ پاسز کے ذریعے اٹیک کی ڈرلز مزید پختہ کی گئیں،
کیمپ کے اختتام پر میڈیا سے بات چیت میں کوچ اولمپئن ریحان بٹ کا کہنا تھا کہاذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے لئے دستیاب بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے،
مجھے بہت خوشی ہے کہ اس ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کی تعداد زیادہ ہے اور کم ازکم دس کھلاڑی اپنا انٹر نیشنل کیریئر شروع کریں گے،
پاکستان میں آج بھی ہاکی کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے،اس تربیتی کیمپ میں ٹیم کے اعلان کے بعد کھلاڑیوں کی جانب سے مزید جوش وخروش اور محنت کرنے کا جذبہ سامنے آیا ہے
جس سے میں بہت متاثر ہوا ہوں پریکٹس میچز کے دوران سامنے آنے والی خامیوں کو دور کرنے کی بھی بھر پور کوشش کی جا رہی ہے،ان کا کہنا تھا کہ سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں یہ ٹیم اچھے نتائج دے سکتی ہے،
مجھ سمیت تمام کوچز نے کھلاڑیوں کے ساتھ بہت محنت کی ہے،جدید ہاکی کے تقاضوں کے مطابق کام کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ چار مئی سے ملائشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلا جائے گا۔