سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلیے وسیم اکرم کی خدمات حاصل کرلیں

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 سے قبل کرکٹرز کی ٹریننگ کے لیے سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کی خدمات حاصل کرلیں۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق وسیم اکرم 2 روزہ ٹریننگ پروگرام کے لیے سری لنکا پہنچ گئے ہیں۔ اس دوران سری لنکن کرکٹرز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم سے رہنمائی لیں گے۔

کرکٹ بورڈ نے بتایا ہے کہ ٹریننگ پروگرام کے دوران سابق فاسٹ باؤلر وسیم اکرم 5 سیشینز منعقد کریں گے۔ وسیم اکرم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کی تیاری میں مصروف پلیئرز سے بھی ملیں گے۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وسیم اکرم اس مختصر عرصے میں سری لنکا پیس اکیڈمی، ہائی پرفارمنس سینٹر اور کلب کوچز کی بھی رہنمائی کریں گے۔

وسیم اکرم کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ سری لنکن کرکٹ کی ایگزیکٹو کمیٹی کی طرف سے کیا گیا ہے جس کی سربراہی صدر شمی سلوا کر رہے تھے۔ تربیتی پروگرام کا باقاعدہ آغاز 2 مئی 2024 سے ہوگا۔

تعارف: News Editor