انٹر کالجیٹ رمضان ٹی ٹوئنٹی کپ کا فائنل پنجاب کالج نے اپنے نام کرلیا۔

رمضان انٹرکالجیٹ ٹورنامنٹ پنجاب کالج نے اپنے نام کر لیا۔

گزشتہ شب رمضان انٹرکالجیٹ کا فائنل میچ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور اور پنجاب کالج کے درمیان کھیلا گیا جہاں پی جی سی نے جی سی یو کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل اپنے نام کرلیا۔

جی سی یو کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے پی جی سی کی ٹیم کو مقررہ 20 اوورز میں جیت کیلئے 160 رنز کا ہدف دیا جسے پنجاب کالج کی ٹیم نے 19ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

ایل سی سی اے گراؤنڈ میں منعقدہ فائنل میچ کے مہمان خصوصی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی تھے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے انٹر کالجیٹ رمضان ٹی 20 ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو کپ اور انعامی رقم کا چیک دیا اور ایونٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پنجاب کالج کو ایونٹ میں کامیابی پر بہت بہت مبارک ہو، یہ پہلی چیز تھی کہ ہم نے نائٹ میچز کو پلان کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے آتے ہی فیصلہ کیا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ شروع کریں گے، یہ بہت چھوٹے لیول کا ٹورنامنٹ تھا اب آگے آپ بہت بڑے ٹورنامنٹ کی تیاری کریں، جولائی تک کلبز سے ہزاروں میچز کرانے ہیں، یہ بڑا ٹارگٹ ہے۔

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ سے 10 ٹیموں میں سے 15 کھلاڑیوں کو اگلے مرحلے کیلئے منتخب کیا گیا ہے، یہ ایک بہت چھوٹا سا آغاز ہے، اس کے نتائج نظر آئیں گے۔

error: Content is protected !!