نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کا فائنل لاہور اور کراچی کے درمیان ہوگا
آج کے میچوں میں عمیمہ سہیل کی نصف سنچری اور چار وکٹیں، نورالایمان کی پانچ وکٹیں
فیصل آباد 8 مئی، 2024:ء
نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کا فائنل لاہور اور کراچی کے درمیان ہفتے کے روز اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں اٹھارہ اٹھارہ پوائنٹس کے ساتھ لیگ میچوں میں سرفہرست رہیں۔
بدھ کے روز کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے آخری لیگ میچوں میں کراچی، لاہور اور پشاور نے کامیابی حاصل کی۔ان میچوں کی خاص بات کراچی کی کپتان عمیمہ سہیل کا عمدہ آل راؤنڈ کھیل ( 67 رنز اور چار وکٹیں ) اور ملتان کی نورالایمان کی پانچ وکٹوں کی عمدہ کارکردگی تھی۔
بوہڑانوالی گراؤنڈ میں کراچی نے راولپنڈی کو 22 رنز سے ہرادیا۔
کراچی کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 167 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان عمیمہ سہیل نے سات چوکوں کی مدد سے 67 رنز کی اننگز کھیلی۔ ردا اسلم نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
راولپنڈی کی ٹیم جواب میں 145 رنز بناسکی۔ عمیمہ سہیل نے34 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ اس شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔ ماہم منظور نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اقبال اسٹیڈیم میں پشاورنے ملتان کو 4 رنز سے شکست دیدی۔
پشاور کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 110 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ علینہ شاہ نے 40 رنز اسکور کیے۔ نورالایمان نے 15 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں ملتان کی ٹیم 106رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ثمینہ آفتاب نے 30 رنز اسکور کیے۔ مومینہ ریاست اور زیب النسا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ نورالایمان اور علینہ شاہ پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔
جواد کلب گراؤنڈ میں لاہور نے کوئٹہ کو 9 وکٹوں سے ہرادیا۔
کوئٹہ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 105 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ خدیجہ چشتی اور عریجہ حیسب نے23، 23 رنز اسکور کیے۔ نورین یعقوب اور عائشہ بلال نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
لاہور نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔ دعا ماجد نے 52 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئیں۔انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
مختصر اسکور:
کراچی 167 رنز ( 41 اوورز ) عمیمہ سہیل67، ردا اسلم 24 / 3 وکٹ۔
راولپنڈی 145 رنز ( 49.4 اوورز ) عائمہ سلیم 32، عمیمہ سہیل 34 / 4 وکٹ، ماہم منظور17 / 3 وکٹ۔
نتیجہ ۔ کراچی نے22 رنز سے جیتا۔
پشاور 110 رنز ( 42.2 اوورز ) علینہ شاہ 40، نورالایمان 15 / 5 وکٹ۔
ملتان 106 رنز ( 48.5 اوورز ) ثمینہ آفتاب 30، مومنہ ریاست 9 / 2 وکٹ، زیب النسا نیاز 26 / 2 وکٹ
نتیجہ ۔ پشاور نے4 رنز سے جیتا۔
کوئٹہ 105رنز ( 49.1 اوورز ) خدیجہ چشتی 23، عریجہ حسیب 23، عائشہ بلال 16 / 3 وکٹ، نورین یعقوب 20 / 3 وکٹ۔
لاہور 108 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ ( 24 اوورز ) دعا ماجد 52 ناٹ آؤٹ ۔
نتیجہ ۔لاہور نے 9 وکٹوں سے جیتا۔