انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی چیمپئن شپ پشاور نے فاٹا کی ٹیم کو ہرا کر ٹرافی اپنے نام کرلی

انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی چیمپئن شپ پشاور نے فاٹا کی ٹیم کو ہرا کر ٹرافی اپنے نام کرلی

مسرت اللہ جان

پشاور کے لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم میں انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی ٹورنامنٹ پشاور نے جیت لیا ، انٹر ریجنل مقابلوں کے سلسلے میں ہونیوالے ٹورنامنٹ میں فائنل مقابلہ پشاور اور فاٹا کی ٹیم کے مابین ہوا ، فائنل کے موقع پر خیبر پختونخواہ ہاکی ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور سابق آئی جی پی سعید خان مہمان خصوصی تھے

ان کے ہمراہ صوبائی صدر ہاکی ایسوسی ایشن سید ظاہر شاہ اور سیکرٹری ہدایت اللہ بھی لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم پشاور میں موجود تھے ، میچ کے آغاز سے قبل مہمان خصوصی کا تعارف دونوں ٹیموں سے کروایاگیا ،

فائنل کے موقع پر پشاور اور فاٹا کے مابین مقابلہ دلچسپ رہا ، پشاور کی ٹیم نے نو گول کئے جس میں سمیر نے چار ، عمر نے دو سلمان نے دو جبکہ سلیم نے ایک گول کیا

جبکہ فاٹا ہاکی ٹیم کی طرف سے سمیع اللہ اور شہزاد نے ایک ایک گول کیا یوں فاٹا کے دو گول کے مقابلے میں پشاور کی ٹیم نے نو گول کرکے برتری حاصل کی-

ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کے فرائض محمد وقاص نے انجام دئیے جبکہ امپائرنگ قیصر ودود اور فرمان نے انجام دئیے . اختتامی تقریب میں صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن نے چیئرمین و سابق آئی جی پی سعید خان نے ونر ، رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں اور میڈل تقسیم کئے

جبکہ چارسدہ کی ٹیم کو بہترین کھیل پر بھی ٹرافی پیش کی جو کہ سابق ڈی ایس او چارسدہ تحسن اللہ نے وصول کی ، اس موقع پر چیئرمین سعید خان اور سیکرٹری صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن ہدات اللہ سمیت دیگر آفیشلز کو شیلڈز بھی پیش کئے گئے

تعارف: News Editor