وزیراعلی خیبر پختونخواہ کی انوکھی پالیسی ، ایک کھیل دو کھلاڑی ؛ ایک کو مالا مال دوسرے کو نظر انداز

وزیراعلی خیبر پختونخواہ کی انوکھی پالیسی ، قومی ٹیم میں شامل دو کھلاڑیوں میں ایک پر کرم نوازی دوسرے کو مکمل طور پر نظر انداز کردیا

سفیان کی طرح ذکریا حیات بھی قومی ٹیم کا حصہ ہے اور اس نے ملائشیاءکے خلاف پہلا گول کرکے کامیابی کا آغاز کیا تھا ، اسے انعام میں نظر انداز کردیاگیا

مسرت اللہ جان

وزیراعلی خیبر پختونخواہ کی انوکھی پالیسی ، اذلان شاہ ہاکی چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایک کھلاڑی کو بیس لاکھ روپے انعام دے دیا جبکہ دوسرے کھلاڑی کو مکمل طور پر نظر انداز کردیا گیا ، دونوں کھلاڑی پاکستانی ٹیم کا حصہ ہیں

دونوں کھلاڑیوں نے حال ہی میں ہونیوالے اذلان شاہ ہاکی چیمپئن شپ میں ملایشیاءکے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا ، وزیراعلی خیبر پختونخواہ کی جانب سے بنوں سے تعلق رکھنے والے سفیان کو بیس لاکھ روپے کا چیک گذشتہ روز دیا گیا

جبکہ ملائشیاءکے خلاف پہلا گول کرنے والے مردان سے تعلق رکھنے والے ذکریا حیات کو مکمل طور پر نظر انداز کیاگیا حالانکہ دونوںکا تعلق خیبرپختونخواہ سے ہے اور دونوں نے قومی ٹیم میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی ،

کھیلوں سے وابستہ حلقوں نے وزیراعلی خیبرپختونخواہ کی اس پالیسی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ صوبے کی جانب سے قومی ٹیم میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کے بارے میں مکمل طور پر وزیراعلی کو بریفنگ دیں تاکہ کھلاڑیوںمیں تفریق نہ ہوں ،

کھیلوں سے وابستہ حلقوں کے مطابق خوش آئند بات یہ ہے کہ وزیراعلی خیبرپختونخواہ نے ہاکی کے کھلاڑیوں کو نظر انداز نہیں کیا لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ مردان کے کھلاڑی کو نظر انداز کیا گیا

جبکہ بنوں کے کھلاڑی کو انعام سے نوازا گیا جو کھیلوں اور کھلاڑیوں دونوں میں تفریق پیدا کرنے کا باعث بن رہی ہیں. انہوں نے وزیراعلی خیبرپختونخواہ سے اس معاملے میں نوٹس لینے اور کھلاڑی میں یکساں انعامات دینے کامطالبہ کیا ہے.

تعارف: News Editor