ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کرکٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان چیمپئنز نے ویسٹ انڈیز چیمپئنز کو 20 رنز سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔
نارتھمپٹن شائر کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے سیمی فائنل میچ میں ویسٹ انڈیز چیمپئنز نے ٹاس جیت کر پاکستان چیمپئنز کو بیٹنگ کی دعوت دی، تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان چیمپئنز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔
199 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم آخری گیند پر 178 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، ایشلے نرس 36 رنز کیساتھ نمایاں رہے، ڈوین اسمتھ 26، کرس گیل 22 ، کپتان ڈیرن سیمی 10 اور ریاد امرت 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
قبل ازیں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان چیمپئنز کی جانب سے کپتان یونس خان 65 رنز کیساتھ نمایاں رہے، کامران اکمل نے 46، سہیل تنویر نے 33 رنز بنائے جبکہ عامر یامین 40 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔
دیگر کھلاڑیوں میں شعیب مقصود اور شاہد آفریدی ایک ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شرجیل خان، شعیب ملک اور مصباح الحق بغیر کوئی رن سکور کئے پویلین لوٹ گئے۔
ویسٹ انڈیز چیمپیئنز کے فیڈل ایڈورڈز 3 اور سلیمان بین نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان کھیلا جائے گا، جیتنے والی ٹیم کا فائنل میں پاکستان سے مقابلہ ہو گا۔