شاداب خان لنکا پریمیئر لیگ 2024 میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے
کولمبو (نوازگوھر) کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں جاری لنکا پریمیئر لیگ 2024 میں کولمبو اسٹرائیکرز نے جافنا کنگز کو 9 وکٹوں سے شکست دیکر لیگ میں پھر واپس آگئی۔
اسٹرائیکرز کی جانب سے شاداب خان اور رحمان اللہ گرباز کی شاندار اننگز نے 110 رنز کا ہدف صرف 9.5 اوورز میں حاصل کر لیا۔ اس جیت سے ٹیم 6میچوں میں سے 3 میں کامیابی حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر برقرار ہے۔
ہدف کے تعاقب میں اوپنر اینجلو پریرا نے 8 گیندوں پر 16 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کے اوپننگ پارٹنر گرباز نے محمد وسیم کے ساتھ ملکر بارش کے باوجود رن ریٹ زیادہ رکھا۔
گرباز اور وسیم کے درمیان صرف 45 گیندوں پر 87 رنز کی ناقابل شکست شراکت نے اسٹرائیکرز کو 10 اوورز کے اندر اپنے ہدف کو حاصل کرنے کو یقینی بنایا، جس سے ان کے نیٹ رن ریٹ میں نمایاں اضافہ ہوا۔
بلے باز گرباز 33 گیندوں پر 57 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے اور انہوں نے 4 چھکے اور 4 چوکے لگائے۔ انہوں نے صرف 30 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی
اور وسیم (18 گیندوں پر 2 چوکے اور 3 چھکوں سمیت 35) کی مدد سے اسٹرائیکرز9.5 اوورز میں ایک وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنالئے اس وقت میچ کی 61 گیندیں باقی تھیں۔
اس سے قبل کولمبو اسٹرائیکرز کے باؤلرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جافنا کنگز کو مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز تک محدود کردیا تھا۔
شاداب خان نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 10 رنز دیکر 4 وکٹیں حاصل کیں جس کے بعد وہ لیگ کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے ۔
پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان رواں ایڈیشن میں پہلے ہی ایک ہیٹ ٹرک کرچکے ہیں 9 ویں اوور میں ایوشکا فرنینڈو اور فیبیئن ایلن کو لگاتار گیندوں پر آؤٹ کرکے اپنی دوسری ہیٹ ٹرک تک پہنچ گئے تھے تاہم کیونکہ بلے باز وجے کانت ویاسکانت نے انہیں ایسا کرنے سے روک دیا ۔