پاکستان کی پہلی ہاکی لیگ رواں سال دسمبر میں ہوگی، رانا مشہود

پاکستان سپر لیگ طرز کی پاکستان کی پہلی ہاکی لیگ رواں سال دسمبر میں ہوگی، رانا مشہود

کھلاڑیوں کی فلاح و بہود کیلئے اسپورٹس فنڈ بھی قائم کررہے ہیں،چیئر مین وزیر ا عظم یوتھ پروگرام

رانا مشہود نے اولمپئن اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی کو اسٹیٹ آف دی آرٹ قرادیا

کراچی: وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ طرز کی پاکستان کی پہلی ہاکی لیگ رواں سال دسمبر میں ہوگی،

وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق ملک میں قومی کھیل کو فروغ دے رہے ہیں ملک میں ادارہ جاتی کھیلوں کو بحال کیا، کھلاڑیوں کی فلاح و بہود کیلئے اسپورٹس فنڈ بھی قائم کررہے ہیں،

رانا مشہود نے اولمپئن اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی کو اسٹیٹ آف دی آرٹ قرادیتے ہوئے نوجوانوں کیلئے ایسی ہی اکیڈمی بنانے کا اعلان بھی کیا،

ان خیالات کا اظہار رانا مشہود نے اولمپئن اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،

اس موقع پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے اسپورٹس انچارج جاوید علی میمن، سینیٹر نہال ہاشمی، سابق انٹرنیشنل ہاکی کھلاڑی ابوذر امراؤ اور مبشر مختار بھی موجود تھے۔

رانا مشہود نے کہا کہ دنیا کے نظر میں اولمپئن اصلاح الدین ہاکی سے ریٹائر تو ہوگئے ہیں لیکن انکی نظر میں وہ ابھی تک فیلڈ میں موجود ہیں اور قومی کھیل کی خدمت کررہے ہیں جس کی مثال انکی اسٹیٹ آف دی آرٹ اکیڈمی ہے جس میں کھلاڑیوں کیلئے ہر سہولت موجود ہے

اس ماڈل کے تحت ہی ہم جامعات میں ہاکی اکیڈمی بنائینگے، انہوں نے کہا کہ اولمپئن اصلا ح الدین ہاکی اکیڈمی کیساتھ ملکر نوجوانوں کیلئے ایونٹس کا انعقاد کیا جائیگا۔

رانا مشہود نے کہا کہ پی ایس ایل طرز کی ہاکی لیگ رواں سال دسمبر سے پہلے منعقد ہوگی اسکے کامیاب انعقاد کیلئے کمیٹی کام کررہی ہے، جو ادارے ہاکی کی ٹیمیں بنانے کے حوالے سے وزیر اعظم کی ہدایات پر عمل نہیں کررہے وہ ہماری نظر میں ہیں،

جن اداروں کو ہاکی ٹیمیں بنانے میں مسائل درپیش ہیں انکے مسائل حل بھی کئے جائینگے، انہوں نے کہا کہ اسپورٹس انڈو منٹ فنڈ سے ضرورت مند کھلاڑیوں کے مسائل حل ہونگے۔

رانا مشہود نے اولمپئن اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی میں موجود سہولیات کا جائزہ لیا، اکیڈمی کے ہاسٹل کا دورہ بھی کیا، سمر کیمپ میں زیر تربیت کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ہاکی بھی کھیلی،

رانا مشہود نے اپنی جانب سے اولمپئن اصلاح الدین ہاکی اکیڈمی کیلئے 100 ہاکی اسٹیکس اور ہاکی کیٹس دینے کا اعلان بھی کیا۔

آخر میں ہاکی اکیڈمی کے چیئر مین اولمپئن اصلاح الدین نے رانا مشہود کو اکیڈمی کی جانب سے سوینئیر اور تحائف پیش کئے۔

تعارف: News Editor

error: Content is protected !!