پاکستانی اسپنرز نے 52 سالہ ریکارڈ برابر کر دیا
پاکستان کے دو بائولر انگلینڈ کی 20 وکٹیں لے اڑے، پاکستان لگاتار 6 ٹیسٹ میچ ہارنے کے بعد ٹیسٹ جیتنے میں کامیاب ہو گیا۔ ساجد خان نے پہلی اننگز میں 7 اور دوسری اننگز میں 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نعمان علی نے پہلی اننگز میں تین اور دوسری اننگز میں آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی طرف سے دوسری بار 2 بالرز نے میچ میں 20 وکٹیں حاصل کیں، آسٹریلیا کے خلاف 1956 کے کراچی ٹیسٹ میں فضل محمود اور خان محمد نے 20 کھلاڑی آوٹ کئے تھے، ٹیسٹ کی تاریخ میں 7ویں بار کسی ٹیم کے 2 بالرز نے تمام 20 وکٹیں حاصل کیں۔
اس میچ میں پاکستان کی جانب سے نعمان علی اور ساجد خان 1972 کے بعد ٹیسٹ میچ میں 20 وکٹیں لینے والی پہلی جوڑی بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
اس سے قبل سال 1972 میں آسٹریلیا کے ڈینس للی اور باب میسی نے انگلینڈ کے 20 کھلاڑی آؤٹ کیے تھے۔ اس طرح پاکستانی بائولرز نے 52 سالہ ریکارڈ برابر کر دیا۔
اس طرح نعمان علی نے 11 اور ساجد خان نے 9 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، دوسری جانب شان مسعود کو بطور کپتان 6 ناکامیوں کے بعد پہلی کامیابی حاصل ہوئی۔
پاکستان اس سے قبل آسٹریلیا سے 3، بنگلہ دیش سے 2 اور انگلینڈ سے ایک ٹیسٹ میچ ہار چکا ہے، پا کستان 6 سال بعد انگلینڈ کو ٹیسٹ میچ ہرانے میں کامیاب ہوا۔
اس سے قبل پا کستان نے مئی 2018 میں لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ کو شکست دی تھی، موجودہ پاکستانی ٹیم کا کوئی کھلاڑی 2018 کا ٹیسٹ جیتنے والی ٹیم میں شامل نہیں تھا۔
پاکستان نے 2021 کے بعد ہوم گراؤنڈ پر پہلا ٹیسٹ میچ جیتا ہے، پاکستان نے فروری 2021 میں جنوبی افریقا کو راولپنڈی ٹیسٹ میں ہرایا تھا، یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم میں شامل اسپنرز نے پوری انگلش ٹیم کو بیٹنگ میں بے بس کر دیا۔