طلحہ اور نادر آئی ٹی ایف جے 30 عالمی جونیئر ٹینس چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے
اسلام آباد: نوازگوھر
پاکستان کے محمد طلحہ خان اور نادر مرزا نے آئی ٹی ایف پاکستان جے 30 علی ایمبرائیڈری ملز عالمی جونیئر ٹینس چیمپئن شپ 2024 کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی ہے۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن ٹینس کمپلیکس، اسلام آباد میں جاری بوائز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں، پاکستان کے محمد طلحہ خان نے تھائی لینڈ کے پاتھم لاوساکلپورن کو 6-1، 6-4 سے شکست دی۔
اسی طرح پاکستان کے نادر مرزا نے اپنے ہم وطن احمد نائل قریشی کو 6-2، 6-4 سے ہرایا۔ جنوبی کوریا کے پارک دوہون نے بلال عاصم کو 2-6، 6-3، 6-2 سے شکست دی
جبکہ سیونگ وو ہان (کوریا) نے پاکستان کے احتشام ہمایوں کو 6-3، 6-3 سے زیر کرلیا اور سنگ جی (کوریا) نے تھائی لینڈ کے دانتھی ٹیکنگ کو 6-3، 6-0 سے ہرایا۔
بوائز ڈبلز کے پہلے راؤنڈ میں، عاصم بلال/قریشی احمد نائل نے پارک دوہون/مزارع امیر محمد خان کو 7-5، 7-5 سے شکست دی، جبکہ جی سیون/یون جونگ نے خان محمد حذیفہ/خان محمد طلحہ کو 7-5، 6-4 سے ہرایا۔
گرلز ڈبلز کے پہلے راؤنڈ میں، جاپان کی کاٹسوبے ہاروہی/ہیناتا وادا نے فاطمہ علی راجہ/زینب علی راجہ کو 6-0، 6-0 سے زیر کرلیا جبکہ جنوبی کوریا کی جو اے ہائیون/لی چیریں نے ہونگ جن اے/یان جنگکے (کوریا) کو 6-1، 6-2 سے شکست دی۔
رشید ملک نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "ہمارے جونیئر کھلاڑیوں کے معیار میں نمایاں بہتری آئی ہے، اور میں نے پی ٹی ایف سے درخواست کی ہے کہ وہ جونیئر ڈیولپمنٹ پر توجہ دیں۔” ملک نے علی ایمبرائیڈری ملز کے سی ای او طارق زمان کا خصوصی شکریہ ادا کیا،
جن کی سپورٹ سے ملک میں ٹینس کو فروغ ملا ہے۔ پی ایل ٹی اے کے 2025 کے لیے بڑے منصوبے ہیں اور وہ پی ٹی ایف کے ساتھ مل کر نوجوان ٹیلنٹ کی تربیت میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔ اگلے راؤنڈ کے میچز جمعرات کو صبح 10 بجے شروع ہوں گے۔