جونیئر ایشیا ہاکی کپ ; پاکستان نے چین کو سات گول سے شکست دے دی

جونیئر ایشیا ہاکی کپ: پاکستان نے چین کو سات گول سے شکست دے دی

 ورلڈکپ کوالیفائر جونیئر ایشیا ہاکی کپ میں پاکستان نے شاندار آغاز کرتے ہوئے چین کو دو کے مقابلے میں سات گول سے ہرادیا۔

پاکستان کی جانب سے پہلا فیلڈ گول 17ویں منٹ میں فیاض حمزہ نے کیا، پینلٹی کارنر کے ذریعے 22ویں منٹ میں سفیان خان نےدوسرا گول اسکور کردیا، تیسرا فیلڈ گول 23ویں منٹ میں فیاض حمزہ نے بنایا، چوتھا فیلڈ گول 43ویں منٹ میں محمد عماد نے کیا۔

پاکستان کی جانب سے پانچواں فیلڈ گول 46ویں منٹ میں رانا ولید نے اسکور کیا، چھٹا گول پینلٹی کارنر کے ذریعے 50ویں منٹ میں محمد سفیان خان نے اور ساتواں فیلڈ گول 51ویں منٹ میں محمد مغیرہ نے اسکور کیا۔

چین کی جانب سے پہلا گول یانیو نے 24ویں منٹ میں دوسرا گول یوبو نے کھیل کے آخری منٹ میں اسکور کیا۔ کپتان حنان شاہد کا کہنا ہے کہ کسی بھی ٹورنامنٹ کا پہلا میچ جیتنا بہت اہم ہوتا ہے، کچھ غلطیاں ضرور ہوئی ہیں جن کو دور کرکے اگلے میچز میں بہترین نتائج دینے کی کوشش کریں گے۔

ٹیم کے ہمراہ ٹیم منیجر انٹرنیشنل اجمل خان لودھی ، ہیڈ کوچ اولمپین قمر ابراہیم ، کوچ اولمپین کامران اشرف ، اسسٹنٹ کوچ انٹرنیشنل یاسر اسلام ، ویڈیو انالسٹ ابوذر امراؤ اور فزیو ڈاکٹر مبشر موجود ہیں۔

پاکستان اپنا دوسرا میچ 28 نومبر کو بنگلادیش کے خلاف تیسرا میچ 30 نومبر کو عمان کے خلاف جبکہ پول کا آخری میچ یکم دسمبر کو ملائشیا کے خلاف کھیلے گا۔

تعارف: News Editor