چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہو گی یا نہیں؟ فیصلہ نہ ہو سکا، آئی سی سی اجلاس ملتوی

 

چیمپئنز ٹرافی پر پاکستان اپنے دو ٹوک موقف پر قائم، آئی سی سی اجلاس کل تک کیلئے ملتوی

دبئی (آئی پی ایس ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کا چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی سے متعلق فیصلے کے لیے اہم اجلاس کل تک کے لیے ملتوی ہوگیا۔

آئی سی سی کا چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے فیصلے کے لیے آج ہونے والا اہم اجلاس ملتوی ہوگیا۔ ایونٹ کی میزبانی پاکستان کرے گا یا نہیں، اس سلسلے میں بورڈ ڈائریکٹرز کی میٹنگ میں کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا اجلاس کل دوبارہ ہوگا۔

ذرائع کے مطابق مختصر وقت کے لیے ہونے والے آئی سی سی بورڈ ڈائریکٹرز میٹنگ میں فریقین کی جانب سے تجاویز پیش کی گئیں، جن پر کل ہونے والے اجلاس میں غور کیا جائے گا۔

دبئی میں ہونے والے آئی سی سی کے اہم اجلاس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سمیت کئی ممالک کے بورڈ سربراہان موجود تھے جب کہ دیگر نے وڈیو کال کے ذریعے میٹنگ کو جوائن کیا۔

اجلاس میں پاکستان نے مکمل ایونٹ کی میزبانی اپنے ملک ہی میں کرنے پر زور دیتے ہوئے ہائبرڈ ماڈل کی ایک بار پھر مخالفت کی۔ اس موقع پر آئی سی سی نے بعض تجاویز بھی پیش کیں، جن پر ابتدائی تبادلہ خیال کے بعد معاملہ ہفتے کے روز تک موخر کردیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اور بھارتی بورڈز پیش کردہ تجاویز پر اپنی حکومتوں کو بھی اعتماد میں لیں گے تاکہ فیصلے میں آسانی ہو۔دوسری جانب آئی سی سی کی کوشش ہے کہ فریقین کے لیے قابل قبول حل پیش کیا جائے۔

پی سی بی کی جانب سے بھارتی ٹیم کے نہ آنے پر ممکنہ نقصان کی تفصیل بھی شرکا کے سامنے لائی جائے گی۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اہم اجلاس میں ہائبرڈ ماڈل کی تجویز پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنا ٹھوس مقف پیش کیا

اور چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی و انعقاد سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ پاکستان کی جانب سے اجلاس میں کسی قسم کی لچک کا مظاہرہ نہ کرتے ہوئے دوٹوک انداز میں اپنی بات سامنے رکھی۔

واضح رہے کہ ایونٹ کی میزبانی کے فرائض پاکستان کے سپرد ہیں تاہم بھارتی انکار کے بعد آئی سی سی کے پیش کردہ ہائبرڈ ماڈل کو چیئرمین پی سی بی اور حکومت نے ماننے سے صاف انکار کرتے ہوئے دوٹوک پیغام دیا تھا کہ فیصلہ برابری کی بنیاد پر ہوگا۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ اگر بھارت کو کسی قسم کا فائدہ پہنچایا گیا تو پاکستانی ٹیم آئندہ ایونٹس میں روایتی حریف کے خلاف کسی بھی میدان میں کھیلنے کے لیے نہیں اترے گی۔

واضح رہے کہ پی سی بی نے آئی سی سی کو میٹنگ سے پہلے کوئی قابل قبول فارمولہ بنانے کا بول دیا، قابل قبول فارمولہ بنایا جائے تاکہ چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد میں تمام ممبران کی شرکت یقینی بنائی جاسکے۔

دوسری جانب براڈ کاسٹرز کی جانب سے شیڈول کے لیے دی گئی ڈیڈلائن بھی ختم ہوچکی ہے، دونوں ممالک کے درمیان ڈیڈلاک کی وجہ سے معاملات بورڈ ممبرز کی ووٹنگ کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔

تعارف: News Editor