جونیئر ہاکی ایشیا کپ: پاکستان نے بنگلادیش کو ہرا کر ایونٹ میں مسلسل دوسری فتح حاصل کرلی
پاکستان نے جونیئر ہاکی ایشیا کپ میں بنگلادیش کو 0-6 سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔
پاکستان کے اس دوسرے گروپ میچ میں سفیان خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 گول سکور کیے اور ہیٹ ٹرک مکمل کی جبکہ محمد عماد، رانا ولید اور ذکریا حیات نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔
پاکستان کی جانب سے پہلا گول 23 ویں منٹ میں سفیان خان نے پنالٹی کارنر پر سکور کیا اور محمد عماد نے چند ہی لمحوں بعد پاکستان کی برتری 0-2کردی۔
میچ کے 32ویں اور 43 ویں منٹ میں سفیان خان نے 2 مزید گول داغے، جبکہ رانا ولید نے 51ویں منٹ میں اور ذکریا حیات نے 60ویں منٹ میں ایک، ایک گول سکور کیا، میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز محمد عماد کو دیا گیا۔
عمان میں جاری جونیئر ہاکی ایشیا کپ میں پاکستان نے اس سے قبل اپنے پہلے میچ میں چین کو 2-7 سے شکست دی تھی، ایونٹ میں پاکستان کا اگلا میچ 30 نومبر کو عمان کے خلاف ہوگا۔